0
Sunday 2 Aug 2015 00:31

نواز شریف اردگان ملاقات، داعش جیسی دہشتگر تنظیموں اور دہشتگردی کیخلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق

نواز شریف اردگان ملاقات، داعش جیسی دہشتگر تنظیموں اور دہشتگردی کیخلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردگان کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات ہوئی ہے۔ طیب اردگان نے دورہ ملائیشیا سے واپسی پر اسلام آباد میں مختصر قیام کیا اور نور خان ائربیس پر وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماﺅں نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ، عالمی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان مختلف شعبوں میں موجود تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماﺅں کے درمیان خطے میں امن و استحکام خصوصاً افغانستان میں جاری مفاہمتی عمل پر بات چیت کی گئی۔ ترک صدر نے خطے میں امن و استحکام اور دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کو سراہا، پاکستان بھارت تعلقات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترکی کی صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پہلا دورہ پاکستان تھا، اس سے پہلے ترک صدر نے دسمبر 2013ء میں ترکی کے وزیراعظم کے طور پر اسلام آباد اور لاہور کادورہ کیا تھا۔ گذشتہ دس سال کے دوران یہ ان کا پاکستان کا ساتواں دورہ ہے۔

اردگان اپنی اہلیہ کے ہمراہ نور خان ائر بیس پہنچے تو وزیراعظم نواز شریف اور خاتون اول کلثوم نواز نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے ساتھ وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیراعظم کے خارجہ امور کے خصوصی معاون طارق فاطمی، سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چودھری اور دفتر خارجہ کے دیگر اعلٰی حکام بھی موجود تھے۔ پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے طیب اردگان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے ترک صدر کے اعزاز میں پر تکلف عشائیہ دیا۔ عشائیے میں کابینہ کے ارکان اور اعلٰی سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔ طیب اردگان کی حکومت کے دوران پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات مضبوط ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف کے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ان تعلقات کو نئی سمت اور جہت ملی ہے۔ اردگان مختصر قیام کے بعد ترکی چلے گئے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان اور ترکی نے دولت اسلامیہ (داعش) اور اس جیسی دوسری عسکریت پسند تنظیموں سے لاحق ممکنہ خطرے سے نمٹنے کیلئے انسداد دہشت گردی پر مبنی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق پاکستان اور ترکی نے داعش اور اس جیسی دوسری عسکریت پسند تنظیموں سے لاحق ممکنہ خطرے سے نمٹنے کیلئے انسداد دہشت گردی پر مبنی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ ترک صدر جب طیب اردوغان نے ہفتہ کو یہاں پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ اردوغان کے انڈونیشیا سے واپسی پر پاکستان میں مختصر قیام کے دوران والہانہ استقبال کیا گیا۔ نور خان ایئر بیس پر نواز شریف نے وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف، وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز، وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، مریم نواز اور سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری کے ہمراہ ترک وفد کا استقبال کیا۔ اردوغان اس سے پہلے بطور وزیراعظم دسمبر، 2013ء میں اسلام آباد اور لاہور دورے پر آئے تھے۔ گذشتہ ایک دہائی کے دوران اردوغان کا یہ ساتواں دورہ ہے، جس سے ان کے دورِ حکومت میں دونوں ملکوں کے دوران تعلقات میں بہتری عیاں ہوتی ہے۔ ترکی میں حالیہ پرتشدد واقعات کے بعد وہاں کی حکومت نے داعش اور کردستان ورکرز پارٹی کے خلاف کارروائی میں تیزی کر دی۔ حال ہی میں داعش کے خلاف حملوں میں اضافہ نیٹو کے اہم اتحادی ترکی کی پالیسی میں بڑی تبدیلی ہے۔ امریکہ اور ترکی نے شمالی شام سے داعش کو نکالنے کیلئے مل کر کارروائی پر اتفاق بھی کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 477469
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش