0
Wednesday 5 Aug 2015 21:51

الطاف حسین کے گرد گھیرا تنگ، اقدام قتل کے مقدمے میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

الطاف حسین کے گرد گھیرا تنگ، اقدام قتل کے مقدمے میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں انسداد دہشت گردی عدالت نے اقدام قتل کے مقدمے میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں 20 اگست تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سندھ رینجرز کے کرنل طاہر کی مدعیت میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف اقدام قتل کے مقدمے کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم پر الطاف حسین کو حراست میں لینے کے لئے کارروائی کی گئی، لیکن وہ ملک سے باہر ہیں، اس لئے انہیں گرفتار نہیں کیا جا سکا، جس پر عدالت نے الطاف حسین کے 20 اگست کے لئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے، جبکہ متحدہ قائد کو 20 اگست تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا۔ واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر رینجرز کے چھاپے کے بعد الطاف حسین نے نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیا تھا، جس کی بنیاد پر کرنل طاہر کی مدعیت میں سول لائن تھانے میں درج مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ الطاف حسین نے اپنی تقاریر میں رینجرز افسران اور اہلکاروں کو دھمکیاں دیں۔
خبر کا کوڈ : 478135
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش