0
Friday 21 Aug 2015 18:36

آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ

آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ
اسلام ٹائمز۔ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے کہا ہے کہ قوم نے ملکر فیصلہ کیا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ضرب عضب کی ضرورت ہے۔ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ بچوں کی محب الوطنی دیکھ کر یقین ہوگیا کہ پاکستان اور بلوچستان پر کوئی آنچ نہیں آئیگی۔ سمجھ نہیں آتی کہ کچھ لوگ آزاد ہوتے ہوئے بھی آزادی کیلئے لڑ رہے ہیں۔ ایسی آزادی کہاں سے ملے گی جو چند روپے کی خاطر اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے یہاں بے گناہ لوگوں، مزدوروں اور مسافروں کو قتل کرتے ہیں۔ دہشتگردی کا نشانہ بننے والے کے دکھ کا پورا احساس ہے۔ ایسے لوگ لڑ کر معصوم بچوں کو یتیم اور خواتین کو بیوہ بنا کر کیا مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ پہاڑوں پر لڑنے والے کچھ حاصل نہیں کرسکتے۔ آج ملک آزاد اور قائم و دائم ہے۔ ملک کیخلاف لڑنے والے اور ان کو سپورٹ کرنے والے جان لیں کہ یہ پاکستان قائم و دائم رہے گا۔ پاکستان کے عوام نے دہشتگردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ اللہ اور ملک کیلئے لڑنا شہادت ہے۔ جبکہ انسانوں کیلئے لڑنا حرام ہے۔ کچھ عناصر ان قوتوں کیلئے لڑ رہے ہیں، جنہوں نے اپنی دکانداری کھول رکھی ہے۔ اب ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اپنے بچوں کوکسی کے بہکاوے میں نہیں آنے دینگے۔ جب تک پاکستان اور بلوچستان ہوگا، اس کا کوئی بھی کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ ہتھیار ڈالنے والے ہمارے بھائی اور دوست ہیں۔ دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینک دیا جائے گا۔

جنرل ناصر خان جنجوعہ کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اس بات کا افسوس ہے کہ آزاد ہوتے ہوئے بھی دوسروں کو خوش کرنے کیلئے آزادی کے نام پر لڑ رہے ہیں۔ ایسی آزادی کہاں ملے گی جو اپنے بھائیوں کو قتل کرکے اپنی بہنوں، ماؤں کو تکلیف پہنچائے۔ ہمارا ملک کلمہ طیبہ کے نام پر بنا ہے۔ ایک اسلامی ملک ہے۔ اس کے ادارے اور بہادر جوان سپوت جو کہ اس کی سرحدوں اور عوام کی حفاظت کیلئے دن رات کوشاں ہیں، وہ اپنی جانیں قربان کرکے اپنے دشمنوں کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ اس وطن عزیز کی خاطر ہم اپنے خون کا نذرانہ دینے سے گریز نہیں کرینگے، کیونکہ اس اسلامی ملک کی بنیاد کلمے کے نام پر رکھی گئی ہے۔ جس کا دفاع بھی اللہ تعالٰی نے کرنا ہے۔ اس پر کوئی آنچ نہیں آسکتی، کیونکہ وطن عزیز کی حفاظت کیلئے اس کے بہادر بیٹے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں اور دشمن کی سازشوں کو ملیا میٹ کرکے نیست و نابود کر رہے ہیں۔ اسلام کے نام پر بننے والے اس ملک پر دنیا بھر کے دشمنوں کی نظریں لگی ہوئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 481075
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش