0
Thursday 19 Nov 2015 12:47

سندھ کی 81 یونین کونسلز میں آج ہونیوالے بلدیاتی انتخابات ملتوی

سندھ کی 81 یونین کونسلز میں آج ہونیوالے بلدیاتی انتخابات ملتوی
اسلام ٹائمز۔ الیکشن کمیشن نے سندھ کے 8 اضلاع کی 81 یونین کونسلز میں آج ہونے والے انتخابات ملتوی کر دیئے، جبکہ 15 روز میں نئی حلقہ بندیاں کرانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر سردار سردار رضا خان کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا، جس میں سندھ کے 8 اضلاع میں آج بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم کی روشنی میں اجلاس میں کچھ فیصلے کئے گئے ہیں، جس کے تحت سندھ کی 81 یونین کونسل میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔ بابر یعقوب نے کہا کہ آج ہونے والے انتخابات میں حیدرآباد، میرپورخاص، بدین، تھرپارکر، ٹنڈوالہ یار، جامشورو، نواب شاہ، نوشہرو فیروز اور بے نظیرآباد کی کچھ یونین کونسلز، ٹاؤن کمیٹیوں اور میونسپل کمیٹیوں متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ جن یونین کونسلوں میں انتخابات ملتوی کئے گئے ہیں، ان میں تھرپارکر کی 6، نوشہرو فیروز 17، میرپور خاص ڈویژن 25، بدین 4، حیدرآباد 24 اور سانگھڑ کی 5 یونین کونسلز شامل ہیں۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے حلقہ بندیاں کالعدم قرار دینے کے بعد 15 روز میں نئی حلقہ بندیاں کرائی جائیں گی۔

اس سے قبل چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سندھ کے 8 اضلاع کی حلقہ بندیاں کالعدم قرار دینے سے متعلق کیس کی سماعت کی، جس میں الیکشن کمیشن نے سندھ کے 8 اضلاع کی فہرست عدالت میں پیش کی، جبکہ سپریم کورٹ نے سندھ کے 8 اضلاع میں نئی انتخابی حلقہ بندیاں کالعدم قرار دینے کا ہائیکورٹ کا حکم برقرار رکھتے ہوئے، ان اضلاع میں انتخابات کا اختیار الیکشن کمیشن کو دیا تھا۔ عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ عدالت انتخابات ملتوی کرانے کا حکم نہیں دے رہی، کیونکہ یہ اختیار الیکشن کمیشن کا ہے۔ واضح رہے سندھ ہائیکورٹ نے 8 اضلاع میں چوبیس گھنٹوں کے اندر دوبارہ حلقہ بندیوں کا حکم دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 498870
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش