0
Friday 1 Jan 2016 18:18

لاہور، جماعت اسلامی کی مجلس شوریٰ کا 3 روزہ اجلاس شروع

لاہور، جماعت اسلامی کی مجلس شوریٰ کا 3 روزہ اجلاس شروع
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی شوریٰ کا 3 روزہ اجلاس منصورہ لاہور میں شروع ہو گیا، اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور جماعت کے معاملات زیر بحث لائے جا رہے ہیں جبکہ جماعت اسلامی لاہور کے کارکنوں نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کیخلاف ملتان چونگی میں احتجاج کیا۔ جماعت اسلامی کی مرکزی شوریٰ کا 3 روزہ اجلاس امیر جماعت سراج الحق کی زیرصدارت شروع ہوا، جس میں چاروں صوبوں کے امراء اور شورٰی کے اراکین شریک ہیں۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ داعش سے بھی بڑا خطرہ کرپشن ہے، باڑ کھیت کو کھا رہی ہے جو ادارہ کرپشن پکڑنے اور تحقیقات کیلئے بنایا، وہ خود کرپشن میں ملوث پایا گیا ہے اور اس کے 8 افسروں کو معطل کرکے ان کیخلاف اربوں روپے کی کرپشن کی تحقیقات کی خبریں شائع ہو رہی ہیں، روزانہ ہونے والی 12 ارب روپے کی کرپشن پر قابو پا لیا جائے تو غربت، مہنگائی، بدامنی سمیت اندرونی و بیرونی قرضوں سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے، بجلی اور گیس کے محکموں میں 10 کھرب سے زیادہ کی کرپشن ہوئی مگر نیب صرف 5 ارب روپے کی وصولی کر سکا۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن روکنے کیلئے کسی ٹینک اور توپ کی نہیں درست معلومات اکٹھی کرکے مجرموں کیخلاف سخت ترین ایکشن لینے کی ضرورت ہے، مرکزی اور صوبائی حکومتیں اپنا آدھے سے زیادہ وقت گزار چکی ہیں مگر ابھی تک عام آدمی کے مسائل کے حل کی طرف کوئی دھیان نہیں دیا گیا، حکومت پاک چین راہداری منصوبے پر چھوٹے صوبوں کے تحفظات دور کرے اور قومی ترقی اور خوشحالی کے اس بڑے منصوبے کو متنازعہ نہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی آپریشن پر وفاق اور سندھ کے درمیان انا کا مسئلہ ہے جس سے آپریشن کے ثمرات ضائع ہونے کا اندیشہ ہے، کرپشن کیخلاف بہت جلد ملک گیر تحریک شروع کریں گے۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک میں کھربوں روپے کی کرپشن ہو رہی ہے لیکن نیب کوئی ریکوری نہیں کر سکا۔ امیر جماعت سینٹر سراج الحق نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کو متنازعہ نہیں بنانا چاہئے، چھوٹے صوبوں کے تحفظات دُور کرنے کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد ملتان چونگی میں جماعت اسلامی لاہور کے کارکنوں نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ڈیڑھ سال قبل ملتان روڈ کو تعمیر کیا گیا لیکن اب اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے کی وجہ سے اکھاڑ دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ اورنج لائن عوام کا مطالبہ نہیں بلکہ پنجاب حکومت خود اسے بنا کر عوام کو تنگ کر رہی ہے۔ مظاہرین نے پنجاب حکومت کیخلاف نعرے بازی بھی کی۔ مظاہرین نے دھمکی لگائی ہے کہ وحدت روڈ پر لگائے گئے کرشنگ پلانٹ کو دوسری جگہ منتقل نہ کیا گیا تو ملتان روڈ پر دھرنا دیا جائیگا۔
خبر کا کوڈ : 509418
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش