0
Sunday 28 Feb 2016 17:09

تنظیم اتحاد امت نے ’’50 نکاتی احتساب فارمولا‘‘پیش کردیا

تنظیم اتحاد امت نے ’’50 نکاتی احتساب فارمولا‘‘پیش کردیا
تنظیم اتحاد امت پاکستان کے چیئرمین محمد ضیاءالحق نقشبندی نے علماء و مشائخ کے ہمراہ لاہور کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احتساب کے عمل کو شفاف اور منصفانہ بنانے اور کرپشن کے خاتمے کیلئے ’’پچاس نکاتی احتساب فارمولا‘‘ پیش کر دیا ہے۔ احتساب فارمولا میں دی گئی تجاویز میں کہا گیا ہے کہ کرپشن کے خاتمے اور بے رحم احتساب کو قومی نصب العین قرار دیا جائے، کسی بھی فرد پر کرپشن ثابت ہونے کے بعد اس پر ہمیشہ کیلئے سیاست میں حصہ لینے پر پابندی کا قانون بنایا جائے، سیاستدانوں اور حکمرانوں کیساتھ ساتھ ججوں، جرنیلوں، جرنلسٹوں، علماء مشائخ، بیورو کریٹس، تاجروں اور ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان این جی اوز، دینی مدارس سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی کے افراد کے بلاامتیاز، بے لاگ اور بیباک احتساب کا فول پروف اور موثر ترین نظام بنایا جائے۔

فارمولا میں کہا گیا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے تمام ممبران پارلیمنٹ، وزراء، اعلیٰ حکام، بیوروکریٹس اور سرکاری ملازمین کو اپنے اور اپنے بیوی بچوں کے اندرون وبیرون ملک تمام اثاثے ہر سال منظر عام پر لانے کا پابند بنایا جائے اور ایسا نہ کرنیوالے کو اُس کے منصب سے برطرف کیا جائے، کرپشن کے مقدمات کے جلد فیصلے یقینی بنانے کیلئے ٹائم فریم مقرر کیا جائے اور کرپشن مقدمات کے فیصلے چھ ماہ سے ایک سال کے اندر سنائے جائیں۔ ٹی آئی یو کا کہنا ہے کہ کرپشن کرنیوالوں کیلئے سزائے موت سمیت سخت ترین سزائیں مقرر کی جائیں، ہر ضلع میں احتساب عدالتیں قائم کی جائیں اور ہر ضلع میں نیب کا دفتر بنایا جائے، نیب ’’پلی بارگین ‘‘کا سلسلہ ختم کرے اور اربوں روپے کی کرپشن کرنے والوں سے کروڑوں لے کر انھیں کلین چٹ دینے کا عمل ختم کیا جائے۔

فارمولا میں کہا گیا ہے کہ بیرونی بینکوں میں پڑا لوٹ مار کا پیسہ واپس لانے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں، پریس کانفرنس میں ڈاکٹر مفتی محمد عمران نظامی، علامہ تصور حسین قادری، محمد نواز کھرل، پروفیسر مفتی مسعود الرحمن، مولانا قاری غلام حسین نقشبندی، عظیم صلاح الدین قادری، غلام مصطفی، محمد نواز، معین الحق علوی، مفتی محمد عمران حنفی قادری، مولانا محمد علی نقشبندی، مفتی محمد حسیب قادری، مفتی محمد قیصر شہزاد نعیمی، مفتی ابوبکر اعوان ایڈووکیٹ اور دیگر علماء ومشائخ اور مذہبی جماعتوں کے راہنما بھی موجود تھے۔

محمد ضیاء الحق نقشبندی نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ تنظیم اتحاد امت پاکستان احتساب حمایت تحریک شروع کرے گی۔ جمعہ 4 مارچ کو ملک بھر میں ’’یوم احتساب ‘‘منایا جائے گا۔ ’’احتساب فارمولا‘‘ صدر مملکت، وزیراعظم، چیف آف آرمی سٹاف، چیف جسٹس پاکستان، وزرائے اعلیٰ گورنرز اور ممبران پارلیمنٹ کو ارسال کیا جائے گا۔ احتساب کے حق میں اور کرپشن کیخلاف ملک گیر ’’دستخطی مہم‘‘چلائی جائے گی۔ احتسابی عمل کی شرعی اصولوں پر مکمل نگرانی اور راہنمائی کیلئے ’’علماء ومشائخ احتساب بورڈ ‘‘تشکیل دے دیا گیا ہے۔ تمام مکاتب فکر کے مفتیوں کی طرف سے احتساب کے حق میں اور کرپشن کیخلاف ’’اجتماعی فتویٰ ‘‘جاری کروایا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 524195
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش