0
Sunday 30 Jan 2011 10:42

مصر،مظاہروں میں شدت،پانچ روز میں 100 سے زائد جاں بحق

مصر،مظاہروں میں شدت،پانچ روز میں 100 سے زائد جاں بحق
 قاہرہ:اسلام ٹائمز-مصر میں صدر حسنی مبارک کے خلاف مظاہروں میں گزرتے دن کے ساتھ شدت آ رہی ہے۔ پانچ روز میں سکیورٹی فورسز سے جھڑپوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد ایک سو سے تجاوز کر گئی ہے۔ صدر حسنی مبارک نے کابینہ تحلیل کر کے نائب صدر اور وزیراعظم کا تقرر کر دیا۔ عوام کے غصے کو دیکھتے ہوئے کابینہ تو تحلیل کر دی گئی لیکن مظاہرین صدر حسنی مبارک کے استعفے کی صورت میں ہی گھر جانے پر بضد ہیں۔ سیکورٹی فورسز سے جھڑپوں میں ڈھائی ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔ ان میں ایک ہزار پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ قاہرہ میں تحریر اسکوائر پر ہزاروں مظاہرین اور فوجی آمنے سامنے ہیں۔ اسکندریہ اور اسماعیلیہ میں بھی ہزاروں افراد صدر حسنی مبارک کیخلاف سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں۔
دوسری جانب اسلامی اسکالر یوسف القرضاوی نے بھی حسنی مبارک سے اقتدار چھوڑنے کا مطالبہ کیا ہے۔ حسنی مبارک نے تیس سالہ اقتدار میں پہلی بار نائب صدر کا تقرر کیا ہے یہ عہدہ انٹیلی جنس سربراہ عمر سلیمان کو دیا گیا۔ وزیر برائے ہوا بازی احمد شفیق کو نیا وزیراعظم بنا دیا گیا ہے۔ مظاہروں کے دوران لوٹ مار کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ برطانوی ایئر لائن نے قاہرہ کے لئے فلائٹس ملتوی کر دی ہیں۔ اسرائیل نے خصوصی طیارہ بھیج کر سفارت کار سمیت اپنے چالیس شہریوں کو واپس بلا لیا۔
جنگ نیوز کے مطابق مصر میں مظاہروں کے دوران مرنے والوں کی تعداد سو سے تجاوز کر گئی۔ احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کا سلسلہ جاری ہے جس میں وقت گذرنے کے ساتھ مزید شدت آتی جا رہی ہے۔ مصر میں احتجاجی مظاہروں کا آج چھٹا روز ہے۔ ہفتے کو پر تشدد واقعات میں مزید 33 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 102 ہو گئی ہے۔ کرفیو کے باوجود قاہرہ، سوئز، اسکندریہ، بنئی سوئف اور دیگر شہروں میں لوگ سڑکوں پر ہیں۔ صدر حسنی مبارک کی طرف سے نئی حکومت کی تشکیل اور اصلاحات کے وعدوں کے باوجود حکومت مخالف مظاہروں میں شدت آ رہی ہے۔ ہزاروں افراد زخمی ہیں جن میں سیکیورٹی اہل کاروں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے۔ لوٹ مار کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مرکزی بینک نے لوٹ مار سے بچنے کے لئے اتوار سے بینکوں میں تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ قاہرہ کا عجائب گھر بھی مشتعل افراد سے محفوظ نہ رہ سکا جہاں سخت سیکیورٹی کے باوجود لوگوں نے دھاوا بولا اورتوڑ پھوڑ کی۔ لوگوں نے دو ممیوں سمیت نوادرات کو نقصان پہنچایا۔ لٹیروں نے اس صورت حال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے میوزیم سے کئی نادر نایاب مجسمے لوٹ لئے۔ عرب ٹی وی کے مطابق ملک میں کئی سرکاری عمارتیں اور تھانے جلائے جا چکے ہیں۔ جیلوں میں قیدیوں نے بغاوت کردی ہے اور متعدد جیلیں بھی نذر آتش کر دی گئیں۔
خبر کا کوڈ : 52541
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش