0
Saturday 5 Mar 2016 19:04

میڈیا ہاوسز پر حملے اور صحافیوں پر تشدد کیخلاف لاہور میں صحافیوں کا مظاہرہ

میڈیا ہاوسز پر حملے اور صحافیوں پر تشدد کیخلاف لاہور میں صحافیوں کا مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ لاہور پریس کلب، پی ایف یو جے اور پی یو جے کے زیراہتمام پی ایف یو جے کے صدر رانا محمد عظیم، رپورٹرز اور کیمرہ مینوں پر تشدد، آج نیوز لاہور اور کراچی کے دفتر میں توڑ پھوڑ، ابتک نیوز اور دیگر میڈیا ہاﺅسز کی ڈی ایس این جیز کو نقصان پہنچانے اور حیدر آباد پریس کلب پر حملہ و توڑ پھوڑ کرنے کیخلاف لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور پیمرا کے غلط فیصلوں اور پالیسیوں سے پاکستان بھر میں صحافیوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں، اگر میڈیا ہاﺅسز کے مالکان نے پیمرا کے احکامات پر خبریں جاری نہیں کرنی تو صحافیوں کی جان و مال کو مشکل میں کیوں ڈالا جاتا ہے جبکہ ان حالات میں حکومت صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے میں یکسر ناکام نظر آتی ہے لیکن اس کے باوجود صحافی انتہائی مشکل حالات میں بھی اپنے فرائض بخوبی سر انجام دے رہے ہیں۔ مظاہرے میں لاہور پریس کلب کے صدر شہباز میاں، پی ایف یو جے کے صدر رانا عظیم،پی یو جے کے صدر شہزاد حسین بٹ، پریس کلب کے سیکرٹری شاداب ریاض سمیت صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے مزید کہا کہ مذہبی تنظیموں کے قائدین کی بھی ذمہ داری ہے کہ اپنے کارکنان کو قانون کا پابند بنائیں اور انہیں پرامن رکھیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ پیمرا اور حکومت کو آزادی اظہار پر قدغن لگانے سے پہلے اپنے اندر بھی جھانک لینا چاہئے کہ سوشل میڈیا پر ہر طرح کی آزادی ہے جبکہ ٹی وی چینلز کو دبایا جا رہا ہے اور اس کی سزا کارکن صحافی بھگت رہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ پیمرا اور حکومت کے منفی رویوں کیخلاف جلد ہی لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا جس کے بعد ملک گیر تحریکیں چلائی جائیں گی۔
خبر کا کوڈ : 525734
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش