0
Wednesday 30 Mar 2016 18:53

لاہور، سنی تحریک کا داتا دربار چوک میں احتجاجی دھرنا، اسلام آباد میں فائرنگ، شیلنگ کی مذمت

لاہور، سنی تحریک کا داتا دربار چوک میں احتجاجی دھرنا، اسلام آباد میں فائرنگ، شیلنگ کی مذمت
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک لاہور اور تحفظِ ناموس رسالت محاذ کے زیراہتمام اسلام آباد میں پولیس کی فائرنگ، شیلنگ اور لاٹھی چارج کیخلاف لاہور میں داتا دربار چوک میں دھرنا دیا گیا۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ رضائے مصطفی نقشبندی، علامہ مجاہد عبدالرسول خان، مولانا محمد علی نقشبندی، علامہ ذوالفقار مصطفی ہاشمی، سردار محمد طاہر ڈوگر و دیگر رہنماؤں نے کہا کہ حکومت طاقت کے نشے میں دھت ہو کر محب وطن عوام کو کچلنا چاہتی ہے، حکمرانوں کو اپنا قبلہ درست کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پُرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، انسانی حقوق کے نعرے لگانیوالے بتائیں کہ گزشتہ 3 روز سے اسلام آباد دھرنے میں پانی، کھانا کیوں نہیں جانے دیا جا رہا؟ پاکستان میں لبرازم اور سیکولر ازم کے حامیوں کا نظام زبردستی قوم پر مسلط نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں تحفظ ناموس رسالت ایکٹ میں ترمیم کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ سنی تحریک اور دیگر دینی جماعتوں کا اسلام آباد میں جاری پُرامن احتجاجی دھرنے کے شرکاء پر پانی، کھانا اور ادویات بند کئے جانے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ، دھرنا اور احتجاج جاری رکھا جائے گا۔ اُنہوں نے کہاکہ اگر گرفتار کارکنان کو فوری رہا نہ کیا گیا تو دھرنوں کا سلسلہ مزید تیز کریں گے، حکومت عوام میں اشتعال پیدا کرکے فوج اور عوام کے مابین نفرتیں اور دُوریاں پیدا کر رہی ہے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت چاہتی ہے کہ ضرب عضب اور قومی ایکشن پلان کو ناکام بنایا جائے، حکومت دینی جماعتوں کا محاسبہ کرکے ملک میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنا چاہتی ہے۔ اس موقع پر علامہ عبداللہ ثاقب، شیخ محمد نواز قادری، علامہ شیر محمد مجتبائی، علامہ شریف الدین قذافی، حافظ محمد رمضان قادری و دیگر بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 530554
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش