0
Tuesday 31 May 2016 22:55

مفتی پوپلزئی کی ہٹ دھرمی، ایک دن روزہ رکھنے پر اتفاق نہ ہوسکا

مفتی پوپلزئی کی ہٹ دھرمی، ایک دن روزہ رکھنے پر اتفاق نہ ہوسکا
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر میں رمضان المبارک اور عیدین ایک روز کرنے کے سلسلے میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کی زیر صدارت پشاور میں مقامی زونل کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس کے دوران ایک ہی دن روزہ رکھنے پر اتفاق نہ ہوسکا۔ پشاور کے اوقاف ہال میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کی زیرصدارت مقامی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں مسجد قاسم علی خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ملک بھر میں رمضان المبارک اور عیدین ایک ہی روز کرنے کے حوالے سے بات چیت کی گئی، تاہم اختلاف رائے سامنے آنے کے بعد ایک ہی دن روزہ رکھنے پر اتفاق نہ ہوسکا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کا کہنا تھا کہ حکومت اور رویت ہلال کمیٹی کے درمیان رابطے کا فقدان ہے، جسے ختم کیا جائے گا، جبکہ اس معاملے پر قانون سازی کی بھی ضرورت ہے اور وہ بھی کی جائے گی۔

وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ چاند کی 29 تاریخ کو زونل اور مرکزی کمیٹیوں کا اجلاس ایک ہی دن بلایا جائے گا اور قرآن و سنت کے مطابق علماء جو فیصلہ کریں گے، اس پر حکومت سمیت سب عمل کریں گے، مسجد قاسم علی خان سے جو شہادت آئیں گی، وہ زونل کمیٹی سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو پہنچائی جائیں گی، جس کا اہتمام وزارت مذہبی امور کرے گی۔ اجلاس کے دوران مسجد قاسم خان کے خطیب مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے کہا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے 6 جون کو اجلاس بلا رکھا ہے، تاہم اگر ہمیں 5 جون کو شہادتیں موصول ہوگئیں تو ہم 6 جون کو روزہ رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ اشتہار دیا جائے کہ جس نے رمضان کا چاند دیکھا ہے، وہ گواہی تجویز کردہ نمبرز پر دیں، چاند دیکھنے کی صورت میں وفاق کو آگاہ کریں گے، اگر چاند دیکھنے کی گواہی شریعت کے مطابق پوری اترے تو اسے قبول کر لیا جائے، اگر نہ اترے تو رد کر دی جائے۔ اس موقع پر وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی سے درخواست کریں گے کہ آپ کی شہادتوں سے پہلے اعلان نہ کریں، مقامی رویت ہلال کمیٹی مسجد قاسم علی خان کی شہادتوں کو بھی وفاق تک پہنچائیں گے، علمائے کرام قابل عزت ہیں اور ان کا احترام کرتے ہیں، جب کہ شہادتوں کو آگے پہنچانے کا کام حکومت کا ہے، اس لئے اپنی ذمہ داری بھرپور طریقے سے نبھائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 542560
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش