0
Tuesday 5 Jul 2016 18:54

سعودی عرب میں دھماکے اسلام اور ایمان پر حملہ ہیں، علامہ ریاض نجفی

سعودی عرب میں دھماکے اسلام اور ایمان پر حملہ ہیں، علامہ ریاض نجفی
اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے مدینہ منورہ، قطیف کی مسجد العمران اور جدہ میں ہونیوالے دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں اسلام اور ایمان پر حملہ قرار دیا ہے۔ لاہور سے آئمہ جمعہ و جماعت کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ دنیا بھر میں صرف مسلم ممالک ہیں جہاں بدامنی تسلسل کیساتھ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کے باعث سعودی عرب عالم اسلام کی عقیدت و محبت اور ایمان کا مرکز ہے، وہاں دھماکے ہونا قابل مذمت اور چشم کشا ہے کہ دشمن ہماری عقیدت کے مرکز مسجد نبوی تک جا پہنچا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں نے پیغام دے دیا ہے کہ ان کیلئے مقدسہ مقامات بھی کچھ اہمیت نہیں رکھتے، ان کا مذہب اور اسلام سے کوئی تعلق نہیں، روضہ رسول کو نشانہ بنانے کی ناپاک جسارت کرنیوالے دنیا و آخرت میں عذاب الٰہی کا شکار ہوں گے۔ علامہ ریاض حسین نجفی نے اتحاد امت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علما کو متحد ہوکر قوم کو دہشتگردی کیخلاف تیار کرنا چاہیے، یہ محض دعوے نہیں، عملی طور پر ہونا چاہیے۔ انہوں نے علما پر زور دیا کہ قوم کو مزید تقسیم کرنے کی بجائے، متحد کیا جائے، محراب و منبر سے کسی مسلک و مکتب کیخلاف بھڑکانا جہالت ہے، اتحاد و وحدت کی تبلیغ کیساتھ لوگوں کو قرآن و حدیث اور تعلیمات آئمہ کی طر ف متوجہ کیا جائے تاکہ جہالت کے اندھیرے چھٹ جائیں اور علم کی روشنی معاشر ے میں چار سو پھیل جائے۔
خبر کا کوڈ : 551196
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش