0
Wednesday 13 Jul 2016 21:35

ملتان، ایم ڈبلیو ایم اور ٹی این جے ایف کے زیراہتمام یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر مظاہرہ

ملتان، ایم ڈبلیو ایم اور ٹی این جے ایف کے زیراہتمام یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ عالمی یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر ملتان میں مجلس وحدت مسلمین اور تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ قاضی نادر حسین علوی، علامہ غلام مصطفی انصاری، مخدوم عباس رضا مشہدی اور دیگر رہنمائوں نے ملتان میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آل سعود کے ہاتھوں جنت البقیع کی مسماری تاریخ اسلام کا سیاہ باب ہے۔ اہل بیت اطہار علیہم السلام، ازواج رسول کریم ۖ اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہا کے مرقد مبارک عالم اسلام کے لیے مقامات مقدسہ ہیں۔ ان کی حفاظت امت مسلمہ پر واجب ہے۔ عالم استکبار اپنے آلہ کاروں کے ذریعے شعائر اللہ کی توہین کر کے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کر رہے ہیں۔ داعش، النصرہ اور دیگر دہشت گرد تنظیمیں اسلام کے نام پر صیہونی طاقتوں کے ایجنڈے کو تقویت دینے میں مصروف ہیں تاکہ اسلام کے روشن چہرے کو اقوام عالم کے سامنے بدنما بنا کر پیش کیا جا سکے۔ اس سازش کے پس پردہ سعود و یہود گٹھ جوڑ کار فرما ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ حرمین شریفین کے نام پر واویلا کرنے والوں کی جنت البقیع کے معاملے پر خاموشی منافقانہ طرز عمل ہے۔ اہلبیت رسول ۖ اور صحابہ کرام کی 1400 سو سالوں سے موجود قبروں کو بلڈوز کیا جانا اسلام کی مقتدر شخصیات کی سخت ترین توہین ہے۔ جس پر تمام مسلمانوں کو بلا تخصیص مسلک آواز بلند کر کے رسول کریم ۖ سے محبت کا ثبوت دینا چاہیے۔ علامہ اقتدار نقوی نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ جنت البقیع کی دوبارہ تعمیر کے لیے سعودی حکومت پر دباؤ ڈالے۔ انہوں نے کہا دختر رسول کریم ۖ حضرت فاطم الزہرا سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک کو اپنی اصلی حالت میں لائے جانے کے لیے تمام مسلمان ممالک کو سعودی عرب پر دباؤ ڈالنا ہو گا کیونکہ یہ عالم اسلام کی غیرت ایمانی کا مطالبہ ہے۔ ریلی سے تحریک نفاذ جعفریہ کے رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 552429
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش