0
Friday 15 Jul 2016 06:55

نواز لیگ کی پالیسی میں کشمیر کہیں بھی نہیں، بلاول بھٹو

نواز لیگ کی پالیسی میں کشمیر کہیں بھی نہیں، بلاول بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا اس الیکشن میں (ن) لیگ کے خاتمے کا آغاز راولاکوٹ سے ہو گا۔ نواز لیگ کی دھونس دھاندلی اور جھرلو کو ناکام بنائیں گے، کیونکہ آزادی کی جنگ لڑنے والے باشعور ہوتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا مودی سرکار نے کشمیر میں ظلم کی سب حدیں پار کر دیں۔ میاں صاحب کی خاموشی مودی سرکار کی حمایت کے مترداف ہے جبکہ 35 کشمیریوں کے قتل پر وزیراعظم نے 4 دن بعد ایک بیان دیکر جان چھڑا لی۔ نواز لیگ کی پالیسی میں کشمیر کہیں بھی نہیں۔ بلاول بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا بھارت نے پانی پر بھی دہشتگردی شروع کر دی ہے۔ اقوام متحدہ کشمیر میں رائے شماری کا وعدہ پورا کرے۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی خواتین کو معاشی اور سماجی سطح پر مضبوط دیکھنا چاہتی ہے۔ نواز لیگ 3 سال میں آف شور کمپنیوں کے علاوہ کوئی کالج یا یونیورسٹی آزاد کشمیر میں نہیں بنا سکی۔ نواز لیگ کے مہنگے منصوبے ملک نہیں اتفاق فاؤنڈری کی ترقی کیلئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا میاں صاحب کی نظر میں تعلیم کی کوئی اہمیت نہیں کیونکہ کتابوں میں لوہا استعمال نہیں ہوتا۔ نواز لیگ کی حکومت نے میٹرو کے سوا کوئی منصوبہ نہیں بنایا۔ میاں صاحب صرف بزنس مین ہیں وہ صرٖف ذاتی مفاد دیکھتے ہیں۔ آزاد کشمیر میں تعلیممی شعبے پر سب سے زیادہ توجہ پیپلز پارٹی کے دور میں دی گئی۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے آزاد کشمیر میں 3 میڈیکل کالجز بنائے۔ بلاول بھٹو نے کہا عوام غربت اور مہنگائی کے باعث رل رہے ہیں اور نواز شریف صرف اپنے بچوں کی آف شور کمپنیاں بچا رہے ہیں۔ مہنگائی عروج پر ہے اور وزیر خزانہ کہتے ہیں دال کی بجائے مرغی کھائیں۔ اسحاق ڈار صاحب اگر آپ عوامی ہوتے تو آپ کو پتہ ہوتا عوام کس حال میں ہے۔ انہوں نے کہا وزیر خزانہ اسحاق ڈار جانتے ہیں بڑے میاں صاحب جانے والے ہیں اس کے بعد چھوٹے میاں صاحب کے ساتھ کام کرنا پڑے گا۔ اس لئے وزیر خزانہ نے انڈے اور مرغی کی مارکیٹنگ شروع کر دی ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا پاکستان کو ہر مشکل حالات سے مقابلہ کرنے والی لیڈرشپ کی ضرورت ہے۔ کسان پیکج کے نام پر کسانوں کو دھوکا دیا گیا۔ بلاول بھٹو نے کہا آزاد کشمیر کی نئی حکومت کے بعد وفاقی حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو گی۔
خبر کا کوڈ : 552731
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش