0
Monday 29 Aug 2016 00:15

عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے، آغا علی رضوی

عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے، آغا علی رضوی
اسلام ٹائمز۔ آل پارٹیز ایکشن کمیٹی بلتستان اور ایم ڈبلیو ایم بلتستان کے سربراہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گلگت میں عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماوں کی گرفتاری صوبائی حکومت کو مہنگی پڑے گی، گرفتاریوں اور ظلم و ستم سے عوامی حقوق کے لیے جاری تحریک نہیں دب سکتی ہے۔ موجودہ حکومت آمرانہ سوچ کے حامل ہے یہی وجہ ہے کہ ان سے پرامن اور جمہوری انداز میں حقوق کے لیے اٹھنے والے آواز بھی برداشت نہیں ہو رہی ہے، یہ انکی احمقانہ اور جابرانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ موجودہ صوبائی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کو کچھ دینے کی بجائے اپنے ہی وعدوں سے رخ پھیر کر عوام کے حلق سے لقمے چھیننے کی کوشش کر رہی ہے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماوں کی گرفتاری سے یہ نہ سوچیں کہ مطالبات کمزور پڑ جائیں گے بلکہ مطالبات میں اضافہ ہوگا۔ اس عمل کے ذریعے حکومت نے اپنے ہی پاوں پر کلہاڑی ماری ہے۔ آرمی چیف اور وزیر اعظم کے دورے کے موقع پر عوامی مطالبات کو حل کرنے کی بجائے طاقت کو جبر سے ذریعے دبانے کی کوشش قابل مذمت ہے۔ حکومت ایکشن کمیٹی کے رہنماوں کو فوری طور پر رہا کرے، ورنہ صورتحال کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آنے لگا ہے۔ گزشتہ روز کے دھرنے نے حکومت کی نیندیں اڑا دی ہیں اور حکومت چاہتی ہے کہ جیل و قید اور دھمکیوں سے عوام اپنے حقوق سے دستبردار ہو جائیں جو کہ ممکن نہیں۔ عوام نے مسلم لیگ نون کو اس لیے ووٹ نہیں دیا تھا کہ سبسڈی ختم کرے، ٹیکس نافذ کرے اور طرح طرح کے مظالم ڈھائیں بلکہ انکے کھوکھلے نعروں پر یقین رکھتے ہوئے ووٹ دیا تھا۔ صوبائی حکومت اپنے وعدوں کو پورا کرنے کی بجائے عوام کو الجھا کر دن گزارنے کے چکر میں ہے۔ اکنامک کوریڈور میں حصہ، گندم سبسڈی سمیت دیگر سبسڈیز کی بحالی، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ، گلگت اسکردو روڈ کی تعمیر سمیت دیگر تمام مطالبات قانونی اور آئینی مطالبات ہیں ان کو منظور کرنے کی بجائے ان کے حق میں آواز بلند کرنے والوں کو جیلوں میں ڈالنا شرمناک عمل ہے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام اگر حقوق لینا چاہتے ہیں تو حقوق چھیننے کے لیے تیار رہیں۔ حکومت عوام کے حلق سے نوالہ چھیننا چاہ رہی ہے جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ بلتستان کے عوام بھی موجودہ حکومت کی ظالمانہ اور مکارانہ پالیسی کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے کے لیے تیار رہیں۔
خبر کا کوڈ : 563789
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش