0
Sunday 11 Sep 2016 22:49

نواز شریف کی شوگر ملوں میں بھارتی کام کر رہے ہیں، پرویز مشرف

نواز شریف کی شوگر ملوں میں بھارتی کام کر رہے ہیں، پرویز مشرف
اسلام ٹائمز۔ سابق صدر مملکت اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ پرویز مشرف نے کہا ہے کہ نواز شریف کی شوگر ملوں میں بھارتی مزدور کام کر رہے ہیں، ان کو ملٹی پل ویزا بھی دیا جا رہا ہے، پاکستان میں اتنی زیادہ بے روزگاری ہے اور وہ اپنے ورکرز کی بجائے انڈین ورکرز سے کام کروا رہے ہیں، دوسری طرف بھارتی سیاستدان پاکستان پر ہر وقت تنقید کرتے رہتے ہیں۔ دنیا نیوز کے پروگرام "ٹونائٹ ود معید پیرزادہ" میں گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر مملکت جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا کہ نائن الیون کے بعد بھارت امریکا کو ائیر بیس دینے کیلئے تیار تھا، امریکا نے بھارت سے افغانستان پر حملہ کرنا تھا، 9/11 کے بعد افغانستان پر حملے کی پوری دنیا نے حمایت کی تھی، پاکستان افغانستان حملے کی تنہا مخالفت نہیں کر سکتا تھا، کولن پاول کو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ساتھ دینے کیلئے ہم نے کہا تھا، نائن الیون کے بعد ہم نے صورتحال کے مطابق درست فیصلے کئے تھے۔ پرویز مشرف نے کہا کہ این آر او کے علاوہ میں نے اپنے دور میں کوئی غلط فیصلہ نہیں کیا اور نہ ہی تمام فیصلے نائن الیون کی وجہ سے ہوئے تھے، امریکا کو کشمیر کے بارے میں زیادہ علم نہیں تھا، ہم مسئلہ کشمیر کے حل کی طرف بڑھ رہے تھے۔

پرویز مشرف نے کہا کہ میں اپنے اقتدار کے پہلے 3 سال میں کالا باغ ڈیم کا فیصلہ کر سکتا تھا، میرے 5 سالہ دور میں خوشحالی آئی تھی، لیکن اب موجودہ دور میں معیشت بالکل تباہ ہو رہی ہے، 2 بار لوکل گورنمنٹ الیکشن کرائے، لیکن نئی آنے والی حکومت نے بلدیاتی نظام ختم کرایا۔ انہوں نے کہا کہ 2008ء کے بعد صورتحال تبدیل ہونا شروع ہوئی تھی۔ 12مئی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پرویز مشرف نے کہا کہ 12 مئی کے واقعات سے میرا کوئی تعلق نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو معاہدے کی مخالفت کرکے پہلے آگئی تھیں، بینظیر کے آنے پر نواز شریف کی واپسی کا بھی دباﺅ بڑھ گیا تھا، امریکا ہر کام میں مداخلت نہیں کر رہا تھا، این آر او پر بھی امریکا کا کوئی دباﺅ نہیں تھا۔ سابق صدر مملکت پرویز مشرف نے متحدہ بانی الطاف اور نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جتنا نقصان متحدہ بانی سے مہاجر کمیونٹی کو ہو رہا ہے اور کسی سے نہیں ہو رہا، متحدہ بانی کا ایم کیو ایم سے اب تعلق ختم ہو گیا ہے، متحدہ بانی کو اب ایم کیو ایم چھوڑ دینی چاہئے، ان کا اب کوئی مستقبل نہیں رہا۔
خبر کا کوڈ : 566848
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش