0
Tuesday 29 Nov 2016 14:44

کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے سابق پولیس اہلکار کو کراچی کا امیر مقرر کردیا

کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے سابق پولیس اہلکار کو کراچی کا امیر مقرر کردیا
اسلام ٹائمز۔ تحریک طالبان پاکستان نے کراچی کے سابق پولیس اہلکار کوٹی ٹی پی کراچی کا امیر مقرر کر دیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ٹی ٹی پی کی جانب سے جاری کی گئی ایک ویڈیو میں داؤد محسود کو کراچی کا نیا امیر مقرر کیا گیا ہے۔ حاجی داؤد محسود کراچی پولیس کا سابق ہیڈ کانسٹیبل اور ضلع ملیر میں واقع قائد آباد تھانے میں تعینات تھا۔ داؤد محسود ٹی ٹی پی کے امیر حکیم اللہ محسود کے قریبی ساتھیوں میں سے تھا اور اس نے اس سے قبل بھی کراچی میں ٹی ٹی پی کیلئے بہت سے کام کیے ہیں۔ تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں ٹی ٹی پی کے امیر ملا فضل اللہ کی جانب سے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ ٹی ٹی پی کی رہبری شوریٰ (مرکزی شوریٰ) نے حاجی داؤد محسود کو ٹی ٹی پی حلقہ کراچی کا امیر مقرر کیا ہے اور ٹی ٹی پی کے تمام گروپس داؤد محسود کے فیصلوں کی پاسداری کریں۔

کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ کے سینئر افسر راجہ عمر خطاب کے مطابق ٹی ٹی پی کا ضلع ویسٹ میں مضبوط نیٹ ورک تھا، لیکن کراچی آپریشن کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پے در پے کارروائیوں کے بعد ضلع ویسٹ میں ان کا نیٹ ورک تقریباً ختم ہوگیا ہے، تاہم ضلع ایسٹ میں کچھ علاقے ہیں جہاں انکا نیٹ ورک کسی بھی طرح سے موجود ہے اور وہی علاقے داؤد محسود کا ہدف ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ داؤد محسود کو امیر مقرر کرنے کی ویڈیو جاری کرنے کا اہم مقصد کراچی سے فنڈ ریزنگ کرنا ہے، محسود قبیلے کے لوگوں کو، چاہے وہ دہشت گردی میں ملوث ہوں یا نہ ہوں یہ پیغام پہنچانا ہے کہ ٹھیلوں، پتھاریداروں اور تھلوں کے پیسے چندے کے نام پر انھیں دیئے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل بھی داؤد محسود ٹی ٹی پی کیلئے کراچی سے فنڈنگ کرتا رہا ہے، داؤد محسود قائد آباد کے علاقے کا ہی رہائشی ہے اور پولیس کا سابقہ اہلکار ہونے کی وجہ سے اسے علاقے کے بارے میں کسی بھی دوسرے ٹی ٹی پی کمانڈر سے زیادہ معلومات ہیں۔
خبر کا کوڈ : 587423
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش