0
Sunday 11 Dec 2016 22:51

سعودی عرب انحراف اور تحریف کا پیکر ہے، قائد انصاراللہ یمن

سعودی عرب انحراف اور تحریف کا پیکر ہے، قائد انصاراللہ یمن
اسلام ٹائمز – فارس نیوز ایجنسی کے مطابق انصاراللہ یمن تحریک کے قائد عبدالملک بدرالدین الحوثی نے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی حکومت کو انحراف اور تحریف کا پیکر قرار دیا۔ انہوں نے آل سعود رژیم کو خبردار کیا کہ وہ بیگناہ اور نہتے یمنی عوام کے خلاف جاری بربریت اور جارحیت کو فورا بند کر دے۔ عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ذریعے بنی نوع بشر تک پہنچنے والا خداوند متعال کا آفاقی پیغام کسی خاص نسل یا قوم سے مخصوص نہیں بلکہ دنیا میں بسنے والے ہر انسان کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ الہی پیغام عدالت و انصاف پر استوار ہے۔

انصاراللہ یمن کے قائد بدرالدین الحوثی نے کہا کہ اسلامی دنیا میں اندھی تقلید کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے اور خاص طور پر عرب ممالک میں یہ رجحان زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کی طرح بعض ایسے ممالک بھی ہیں جو خود کو مسلمان ظاہر کرتے ہیں لیکن حقیقت میں وہ منافق ہیں۔ عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا کہ ہمارے دشمن ہم میں اختلاف اور تفرقہ ڈالنے کی سازشیں کر رہا ہے اور ان سازشوں کا مقابلہ صرف اور صرف مزاحمت اور ثابت قدمی کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہمارے خلاف تھونپی گئی جنگ جاری رہتی ہے ہم بھی اپنی پوری توانائیوں کے ذریعے دشمن کا مقابلہ کریں گے اور ہر گز اس کے سامنے سرتسلیم خم نہیں کریں گے۔

بدرالدین الحوثی نے تمام یمنی عوام کو قومی وحدت اور اتحاد کے قیام اور نگہداری کا ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ اگرچہ یمنی عوام خود آل سعود رژیم کے ظلم و ستم کا نشانہ بنے ہوئے ہیں لیکن وہ شدیدترین حالات میں بھی اسلامی دنیا کے اہم ترین مسئلے یعنی مسئلہ فلسطین سے غافل نہیں ہوں گے۔ انصاراللہ یمن کے قائد نے زور دے کر کہا کہ یمنی عوام ہر گز اس حقیقت سے غافل نہیں ہوں گے کہ امت مسلمہ کا خطرناک ترین دشمن اسرائیل ہے۔ انہوں نے تمام مسلمانوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آج امت مسلمہ ہوشیار ہو جائے اور جان جائے کہ تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کی تشکیل کا مقصد امت مسلمہ کو اندر سے ختم کرنا ہے۔ انہوں نے عراق اور شام میں داعش کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابیوں پر عراقی اور شامی حکومت کو مبارکباد پیش کی۔

انصاراللہ تحریک کے سربراہ عبدالملک بدرالدین الحوثی نے یمن میں نیشنل سالویشن حکومت کی تشکیل کو ایک بڑا قدم قرار دیا اور کہا کہ اس حکومت کو عوامی حمایت اور مینڈیٹ حاصل ہے لہذا ہم تمام ایسے ممالک سے جن کا اختیار خود اپنے ہاتھوں میں ہے سے توقع کرتے ہیں کہ وہ اس حکومت کی حمایت کریں گے۔ انہوں نے نیشنل سالویشن حکومت میں شامل افراد پر زور دیا کہ وہ یمنی عوام کی خدمت اور ان کو درپیش مسائل و مشکلات کے حل کو اپنا نصب العین قرار دیں۔ انہوں نے یمنی عوام سے بھی اس حکومت کی حمایت اور ہر ممکن تعاون کا مطالبہ کیا۔ عبدالملک بدرالدین الحوثی نے ملک کے نظارتی اداروں پر بھی زور دیا کہ وہ ہر قسم کی کرپشن کا مقابلہ کریں اور ہر گز حکومتی اداروں یا فوجی مراکز میں انجام پانے والی کرپشن کی پشت پناہی نہ کریں۔ انہوں نے آخر میں سعودی عرب کو ایک "شرپسند ہمسایہ" قرار دیا اور کہا کہ یمن کے خلاف سعودی جارحیت سے صرف سعودی حکومت کی مشکلات میں ہی اضافہ ہو گا اور دنیا اور آخرت میں سعودی حکمرانوں کے گناہ بڑھتے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 590832
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش