0
Tuesday 15 Mar 2011 22:35

نوٹوں اور لوٹوں کی سیاست کرنے والے حکمرانوں کے خلاف ”تحریک نجات“ چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے، صاحبزادہ فضل کریم

نوٹوں اور لوٹوں کی سیاست کرنے والے حکمرانوں کے خلاف ”تحریک نجات“ چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے، صاحبزادہ فضل کریم
لاہور:اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل نے نوٹوں اور لوٹوں کی سیاست کرنے والے وفاقی اور صوبائی حکمرانوں کے خلاف ”تحریک نجات“ چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس تحریک کا آغاز 17 اپریل کو مینار پاکستان گراﺅنڈ میں ”استحکام پاکستان سنی کانفرنس“ منعقد کر کے کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ غوثیہ نوریہ لیاقت چوک سبزہ زار میں ”علماء کنونشن“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
 صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ بھوک نے گھروں کو پھانسی گھاٹوں میں تبدیل کر دیا ہے لیکن بے حس حکمران آتش فشاں کے دہانے پر پکنک منا رہے ہیں۔ اس لیے اب غربت کا مسئلہ آواز اٹھانے سے نہیں حشر اٹھانے سے حل ہو گا۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے مزید کہا کہ مفاد، عناد اور فساد کی سیاست دفن کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ سیاست کاروں اور حکمرانوں کی باہمی لڑائی اور غیرسنجیدہ رویوں کی وجہ سے عوام کا سیاست اور سیاستدانوں پر اعتماد ختم ہو رہا ہے،وزیر امیر اور ملک غریب ہو گیا ہے، اب بھی وقت ہے کہ حکمران اور سیاستدان الزام تراشی اور طعنہ زنی کی بجائے قومی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کریں اور غیر جمہوری رویوں کی حوصلہ شکنی کریں کیونکہ ملک محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
 انہوں نے کہا کہ تمام معاملات افہام و تفہیم سے حل کئے جائیں اور عدلیہ کے فیصلوں کے احترام کی روش اختیار کی جائے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ 17 اپریل کی کانفرنس ملکی سیاست کے دھاروں کا رخ بدل دے گی۔ اس کانفرنس کے موقع پر سنی اتحاد کونسل قومی مسائل کے حل کا لائحہ عمل پیش کرے گی۔ کنونشن میں ایک قرارداد کے ذریعے لاہور میں داتا دربار کے سامنے سنی تحریک کے کارکنوں پر پولیس کے وحشیانہ تشدد کی شدید مذمت کی گئی اور اس واقعہ کے ذمہ دار پولیس افسروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 59724
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش