0
Friday 18 Mar 2011 16:44

ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کیخلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے

ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کیخلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے
 کراچی:اسلام ٹائمز۔ ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ سنی رہبر کونسل نے آج ہڑتال کی اپیل کی ہے۔ کراچی میں مذہبی جماعتوں کی ہڑتال سے کراچی تاجر اتحاد اور ٹرانسپورٹرز نے اظہار لاتعلقی کیا ہے، کراچی میں صورت حال معمول کے مطابق ہے اور تعلیمی ادارے بھی کھلے ہیں۔ نماز جمعہ کے بعد مختلف مساجد کے باہر مذہبی جماعتیں مظاہرہ کر رہی ہیں۔ کراچی بار کے ارکان پنجاب ہال کے باہر احتجاج کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے تحت بھی مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ لاہور میں عوامی مسلم لیگ کی جانب سے مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ سنی اتحاد کونسل اور آئی ایس او کی جانب سے بھی مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی میں میں بعد نماز جمعہ جماعت اسلامی، جمعیت علمائے اسلام، شیخ رشید کی سربراہی میں عوامی مسلم لیگ، پاکستان تحریک انصاف اور دوسری جماعتیں مظاہرہ کر رہی ہیں۔ امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے خلاف مخلتف مذہبی اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے جزوی ہڑتال جاری ہے۔ نماز جمعہ کے بعد ملک بھر میں مظاہروں کا آغاز ہوا۔ اس موقع پر ملک بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ ہے اور امریکی سفارتخانہ اور قونصل خانے آج بند ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی، لاہور، پشاور، کویٹہ سمیت ملک کے مخلتف شہروں میں سنی اتحاد کونسل، جماعت اسلامی، جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمان گروپ، مولانا سمیع الحق گروپ، تحریک انصاف،آئی ایس دیگر سمیت طلبا تنظمیوں کی جانب سے ہڑتال کا اعلان کیا گیا۔ نماز جمعہ کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور دھرنے دیئے گئے۔ کراچی میں مذہبی جماعتوں کے تحت جامعہ بنوری ٹاون، مسجد بیت المکرم کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ شہر میں جزوی طور پر کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں، ٹرانسپورٹ کی روانی معمول سے کم ہے۔
 لاہور میں امریکی قونصلیٹ کے اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ سیاسی جماعتوں نے مسجد شہداء سے گورنر ہاوس تک ریلی نکالی۔ مذہبی اور سیاسی تنظمیوں سمیت تاجر برادری نے بھی ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لئے کاروبار بند رکھا۔ فیصل آباد میں بھی ریمنڈ کی رہائی پر احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیئے گئے۔ ادھر اسلام آباد میں تحریک انصاف کی جانب سے لال مسجد سے آپ پارہ چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ شہر میں ایک ہفتے تک سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ راولپنڈی میں راجہ بازار میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی جانب سے بڑے جلسے کا اہتمام کیا گیا۔ کویٹہ میں میزان چوک پر جماعت اسلامی کے تحت ریمنڈ کی رہائی کے خلاف دھرنا دیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 60257
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش