0
Monday 21 Mar 2011 00:35

ریمنڈ ڈیوس کو امریکی دباؤ میں رہا کرنے کا صلہ ڈرون حملوں کی صورت میں مل رہا ہے، ثروت اعجاز قادری

ریمنڈ ڈیوس کو امریکی دباؤ میں رہا کرنے کا صلہ ڈرون حملوں کی صورت میں مل رہا ہے، ثروت اعجاز قادری
کراچی :اسلام ٹائمز ۔سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ہر آزاد و خود مختار ملک کو اپنی آزادی اور سلامتی کا خود تحفظ کرنا ہوتا ہے۔ امریکی جاسوس اور پاکستانی شہریوں کے قاتل ریمنڈ ڈیوس کو امریکی دباؤ میں رہا کرنے کا صلہ ڈرون حملوں کی صورت میں مل رہا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سالانہ روحانی اجتماع کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جلسے سے جمعیت علماء مشائخ اہلسنت پاکستان کے سرپرست اعلیٰ سید پیر غلام شاہ جیلانی نے بھی خطاب کیا، ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ حکمرانوں کی پالیسی قومی و ملکی مفادات اور ملکی سلامتی و آزادی کے ہم آہنگ نہیں ہے، غلط پالیسیوں نے ملک کی عوام کا سر شرم سے جھکادیا ہے، ہم حکمرانوں کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ ایسی پالیسیوں و فیصلوں سے باز رہیں جو قومی غیرت و حمیت اور وقار کو مجروح کرتے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مفادات کا تحفظ اس لئے نہیں ہو رہا کہ حکمران ہر حال میں اقتدار سے چمٹے رہنا چاہتے ہیں، لیکن یہ یاد رکھا جائے کہ جو قومیں حکمرانوں کو ایوانوں میں بھیجنا جانتی ہیں وہ ایوانوں سے نکالنا بھی اچھی طرح جانتی ہے۔ ہمارے اسلاف و اکابرین نے پاکستان لاکھوں جانوں کے نذرانے دیکر اس لئے حاصل کیا تھا کہ ہماری پہچان ہو، ہم آزاد و خود مختار ہوں اور دنیا کے نقشے پر پاکستان ایک فلاحی ریاست ہو، لیکن حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں نے ملک کو معاشی، اقتصاد ی بد حالی اور دہشتگردی کے تحفوں کے ساتھ ملک و قوم کو انگریزوں کی غلامی کی زنجیر میں جکڑدیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے اسلاف اولیا کا فیضان ہے اور اسکو بچانے کیلئے بھی بانیان پاکستان کی اولادیں 1947ء کے جذبے سے سرشار ہو کر کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کرینگی۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اپنا قبلہ درست کرلیں اور امریکہ کی بجائے اپنا رخ مدینے کی طرف کرلیں تو تمام مشکلات سے چھٹکارا مل سکتا ہے۔
جمعیت علماء مشائخ اہلسنت پاکستان کے بانی و سرپرست اعلیٰ سید پیر غلام شاہ جیلانی نے کہا کہ تمام علما ء و مشائخ اہلسنت کو اپنی خانقاہوں سے باہر نکل کر رسم شبیری ادا کرنا ہوگی، پاکستان ایک ٹھوس حقیقت ہے جس کی خود مختاری، آزادی کو سلب کر نے کی کوشش کو ناکام بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمار ی پہچان ہے اور اسکی حفاظت وسلامتی کیلئے ا پنے خون کا آخری قطرہ تک بہا دینگے۔
خبر کا کوڈ : 60686
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش