0
Thursday 24 Mar 2011 15:29

ملک صرف اور صرف آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی مصنوعی آکسیجن پر چل رہا ہے، ایم کیو ایم

ملک صرف اور صرف آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی مصنوعی آکسیجن پر چل رہا ہے، ایم کیو ایم
کراچی:اسلام ٹائمز۔متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ارکان رضا ہارون، مصطفی کمال، سیف یار خان اور نسرین جلیل نے کہا ہے کہ فرسودہ جاگیر دارانہ نظام اور ان کے زر خرید سیاستدانوں اور بیورو کریسی کے لوگوں نے ملک کی دولت لوٹ کر اسے بیمار کر کے وینٹی لیٹر پر پہنچا دیا ہے اور اب ملک صرف اور صرف عالمی مالیاتی اداروں آئی ایم ایف اور ورلڈبینک کی مصنوعی آکسیجن پر چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ غریب و متوسطہ طبقے کے عوام کی مکمل حمایت سے ملک میں مستقل تبدیلی کیلئے کوشاں ہے، ملک پر قابض جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا ہے، غریب عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں اور خودکشیاں کر رہے ہیں، ملک میں تبدیلی صرف اور صرف وہ لا سکتا ہے جو خود اس کا شکار ہوا اور یہی وجہ ہے کہ ملک بھر کے غریب عوام متحدہ قومی موومنٹ کے پرچم تلے جمع ہو کر انقلاب کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ایم کیو ایم پنجاب کے نئے مرکزی آفس "پنجاب ہاؤس" کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مقررین نے کہا کہ ملک کی حالت صرف اور صرف ملک کے 98 فیصد غریب و متوسطہ طبقے عوام ہی بدل سکتے ہیں اور یہ اس وقت ہی ممکن ہو گا جب ملک کے غریب عوام خود کو متحد و منظم کر کے ایم کیو ایم کے پرچم تلے جمع ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر قابض جاگیردار، وڈیرے اورسرمایہ داروں نے ملک کا برا حال کر دیا ہے، ملک اس وقت انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے اور عوام حالات سے تنگ آکر خودکشیاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اقتدار میں آ کر ملک کی دولت لوٹنے والوں سے قوم کی پائی پائی وصول کریگی اور ملک سے بے روزگاری، غربت، مہنگائی، بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرکے اسے معاشی و اقتصادی طور پر مستحکم کریگی، پنجاب میں غریب عوام، ہاری، کسانوں اور محنت کش مزدوروں کی حالت زار انتہائی بری ہے اس سے حکمرانوں کو کوئی غرض نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ملک کی وہ واحد جماعت ہے جس نے غریب و متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے 98 فیصد عوام میں شعوری بیداری پیدا کی اور انہیں ملک کے ایوانوں میں بھیج کر ملک میں غریب و متوسط طبقے کے انقلاب کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب وہ وقت دور نہیں جب ملک میں غریب و متوسطہ طبقے کے عوام کی حکمرانی کاسورج طلوع ہو گا اور ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ، وڈیرانہ اور سرمایہ دارانہ نظام کاخاتمہ ممکن ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 61258
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش