0
Monday 19 Jun 2017 23:07

کراچی، گورنر سندھ محمد زبیر نے عبدالستار ایدھی انٹر چینج کا افتتاح کردیا

کراچی، گورنر سندھ محمد زبیر نے عبدالستار ایدھی انٹر چینج کا افتتاح کردیا
اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ محمد زبیر نے وفاقی حکومت کے تعاون سے تعمیر ہونے والے گرین لائن منصوبہ کے تحت میٹرک بورڈ آفس ناظم آباد پر تعمیر ہونے والے عبد الستار ایدھی انٹر ایکس کا افتتاح کردیا ہے۔ اس موقع پر سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی موجود تھے جن میں میئر کراچی وسیم اختر، سابق میئر کراچی پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال، جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن اور مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران کی بڑی تعداد شریک تھی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی پاکستان کا اقتصادی حب ہے، یہاں کی تجارتی، اقتصادی، معاشی اور سماجی سرگرمی کا ملکی معیشت پر براہ راست اثر پڑتا ہے، کراچی کی ترقی ہر ایک کا وژن ہے، شہر کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے، اس موقع پر شہر کی تمام سیاسی جماعتوں کی موجودگی اس بات کی واضح عکاس ہے کہ سب کراچی کو اون کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد ترقیاتی منصوبے شہر کی ضرورت ہیں، اس ضمن میں وفاقی حکومت کراچی میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سفری، صحت، تعلیم اور انفرا اسٹرکچر کے مختلف منصوبوں پر بھرپور دلچسپی لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین لائن کراچی کے شہریوں کے لئے سستی، آرام دہ اور سہل سفری سہولیات کا منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے شہر سے ٹریفک کا دباؤ کم اور آرام دہ سفری سہولیات سے عوام محظوظ ہو سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبہ وفاقی حکومت کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے جسے مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے گا، اس ضمن میں منصوبہ پر دن رات کام تیزی سے جاری ہے جبکہ منصوبہ کی تکمیل کے دوران عوام کو حائل رکاوٹوں کو دور بھی کیا جا رہا ہے، تاکہ زیر تکمیل منصوبہ سے عوام کو دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ انٹر چینج کو مقررہ وقت پر مکمل کرلیا گیا ہے، انٹر چینج سے دو طرفہ ٹریفک کے نظام کو تقویت ملے گی اور دیگر منصوبہ کو بھی اس سے منسلک کرنے میں آسانیاں حاصل ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس انٹر چینج کو عظیم سماجی رہنما کے نام سے منسوب کرنے کا مقصد ان کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، اسی وژن کے تحت وفاقی حکومت کے منشور میں کراچی کو مرکزیت حاصل ہے۔ گورنر سندھ نے انٹر چینج کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر منصوبہ سے متعلق انھیں بریفنگ بھی دی گئی۔
خبر کا کوڈ : 647329
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش