0
Saturday 24 Jun 2017 09:01

پشاور، پولیس مقابلے میں 3 شدت پسند ہلاک، ایس ایچ او سمیت 3 اہلکار زخمی

پشاور، پولیس مقابلے میں 3 شدت پسند ہلاک، ایس ایچ او سمیت 3 اہلکار زخمی
اسلام ٹائمز۔ صوبائی دارالحکومت پشاور کے نواحی علاقہ شاہ پور میں گرڈ اسٹیشن کے قریب پولیس اور مبینہ دہشت گردوں کے مابین جھڑپ میں 3 شدت پسندوں کے ہلاک جبکہ ایس ایچ او سمیت 3 پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سحری سے کچھ دیر قبل تھانہ چمکنی کی حدود شاہ پور کے علاقے میں ایک مکان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا، جس کے دوران پولیس اور مکان میں موجود دہشت گردوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے تبادلہ میں اب تک 3 شدت پسند ہلاک ہوگئے، جبکہ ایس ایچ او تھانہ گلبہار سمیت 3 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین خان محسود کے مطابق ہلاک شدت پسندوں میں اہم کمانڈر شامل ہیں، ہلاک شدت پسندوں کا تعلق منظم نیٹ ورک سے تھا، جو پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ، گذشتہ دنوں پولیس پر حملہ کرنے اور قاضی کلی میں پولیس موبائل وین کو نشانہ بنانے کے لئے بم نصب کرنے میں ملوث تھے۔ اس آپریشن میں پولیس کو حساس اداروں اور سکیورٹی فورسز کا بھرپور تعاؤن حاصل تھا، جس میں ہمیں بہت بڑی کامیابی ملی۔

انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کے زیر استعمال مکان سے 7 آر پی جی، ایس جی اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا۔ سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آپریشنز پشاور (ایس ایس پی) سجاد خان نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں ایس ایچ او تھانہ گلبہار عمر آفریدی، انسپکٹر ضیاء اللہ اور کانسٹیبل ارشد شامل ہے، جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد سکیورٹی فورسز اور پولیس کی مزید نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، جنہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ مکان میں بارودی مواد، خودکش جیکٹس اور دیگر دھماکہ خیز مواد کی موجودگی کی اطلاع پر بم ڈسپوزل یونٹ نے مکان میں سرچنگ شروع کر دی ہے۔ دوسری جانب امدادی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں، جبکہ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، آخری اطلاعات ملنے تک آپریشن جاری ہے۔
خبر کا کوڈ : 648516
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش