0
Friday 7 Jul 2017 21:51

مخالفین سازشیں کرنے کے بجائے میدان میں آکر مقابلہ کریں، وزیراعظم

مخالفین سازشیں کرنے کے بجائے میدان میں آکر مقابلہ کریں، وزیراعظم
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ مخالفین میں انتخابات جینتے کی سکت نہیں اس لیے سازشیں کرتے ہیں اور ان سازشوں کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں جبکہ ان چیزوں کے پیچھے چھپنے کے بجائے آئیں میدان میں آکر مقابلہ کریں۔ جھنگ میں حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا کہنا تھا کہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ 21 ماہ کے اندر یہ منصوبہ تیار ہو گیا، پاکستان میں ایک نئی روایت قائم ہو رہی ہے کہ انتی کم مدت میں اتنے بڑے بڑے منصوبے تیار ہو رہے ہیں جبکہ حکومت سنبھالنے سے آج تک بجلی کی پیداوار میں 7 ہزار میگاواٹ اضافہ ہوا ہے اور آنے والے منصوبے اس پیدوار میں مزید اضافہ کریں گے۔

وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ ملک میں اندھیرے چھا چکے تھے لیکن اب روشنیاں بحال ہو رہی ہیں، صنعتیں چل رہی ہیں اور گھر گھر بجلی پہنچ رہی ہے یہی نہیں بلکہ ان تمام منصوبوں کے ساتھ ساتھ بجلی سستی بھی ہو رہی ہے جبکہ سیاح بھی بڑی تیزی سے پاکستان کا رخ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں خوشحالی آ رہی ہے اور لوگوں کی قوت خرید بڑھ رہی ہے اور مخالفین کو یہی تکلیف ہے کہ پاکستان ترقی کی بلندیوں کو چھونے جا رہا ہے جبکہ پچھلے چند دنوں کے حالات سے اسٹاک مارکیٹ نیچے آئی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے قوم سے بجلی دینے کا جو وعدہ کیا تھا وہ کسی حد تک پورا کر دیا ہے اور رہی سہی کسر بھی بہت جلد پوری ہو جائے گی جبکہ عوام کو لوڈشیڈنگ کے ذمہ داروں سے پوچھنا چاہیے ملک میں ایسے حالات کیوں اور کیسے پیدا ہوئے، کیوں اس قوم سے روشنیاں چھین کر اندھیروں میں دھکیلا گیا اور قوم کے ان مجرموں میں ملک سے باہر بیٹھا ایک آمر بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 جولائی کو داسو پاور پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا جبکہ بھاشا ڈیم بھی تقریباً تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جن لوگوں نے ہمیں روکنے کے لیے آسمان سر پر اٹھا رکھا ہے، انہیں بتانا چاہتا ہوں آپ کچھ بھی کرلیں ہمیں قوم کی خدمت سے کوئی نہیں روک سکتا لیکن آپ کو یہی کام ملا ہے جو آپ پچھلے 4 سال سے کرتے آ رہے ہیں جس سے قوم بخوبی واقف ہے جبکہ آپ نے مسلم لیگ (ن) سے ہمیشہ شکست کھائی ہے اور آئندہ بھی کھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ میں انتخابات جینتے کی سکت نہیں اس لیے آپ سازشیں کرتے ہیں اور ان سازشوں کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں جو بزدلی ہے جبکہ ان چیزوں کے پیچھے چھپنے کے بجائے آئیں میدان میں آکر مقابلہ کرو۔ واضح رہے حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ ایل این جی سے چلے گا جس سے 1230 میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 651530
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش