0
Sunday 23 Jul 2017 19:02

سندھ میں امن و امان کی صورتحال شدید خراب ہونے کا خطرہ ہے، آئی جی سندھ کا وزیراعلیٰ کو خط

سندھ میں امن و امان کی صورتحال شدید خراب ہونے کا خطرہ ہے، آئی جی سندھ کا وزیراعلیٰ کو خط
اسلام ٹائمز۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو خط لکھا ہے، جس میں پولیس کے انتظامی معاملات اور اختیارات میں کمی کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو پولیس کے انتظامی معاملات کے حوالے سے خط لکھا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے پولیس ملازمین کو چھٹیاں دی جا رہی ہیں، جبکہ وزیر داخلہ کی جانب سے بھی متعدد ملازمین پر غیر ضروری طور پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، افسران پر غیر قانونی کاموں کیلئے دباؤ بڑھایا جا رہا ہے، اس صورتحال کے منفی اثرات امن و امان کی صورتحال پر بھی پڑ رہے ہیں، جس سے امن و امان کی صورتحال مزید خراب ہونے کا خطرہ ہے، جبکہ ایسے اقدامات آئی جی کے کنٹرول کو کم کرنے کے مترادف ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ اے آئی جی آپریشن سمیت دیگر اہم عہدوں پر تبادلوں پر بھی آئی جی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، افسران کے تبادلوں کیلئے آئی جی کی سفارشات کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا، جبکہ بعض افسران کو تو عہدے کیلئے متعین دورانیہ بھی مکمل نہیں کرنے دیا گیا، لہٰذا ان اقدامات سے سینٹرل پولیس کا انتظامی نظام مکمل طور پر مفلوج ہو چکا ہے۔ آئی جی سندھ نے خط میں لکھا کہ وزیراعلیٰ کی توجہ گزشتہ ایپکس اجلاس کے فیصلوں کی جانب مبذول کرانا چاہتا ہوں، جس میں پولیس کو انتظامی طور پر خودمختار بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاہم بدقسمتی سے تقرریوں اور تبادلوں سے متعلق فیصلے اپیکس کمیٹی کے فیصلوں کی نفی ہے، لہٰذا بطور آئی جی سندھ ذمہ داری ہے کہ آپ کی توجہ ان مسائل کی جانب مبذول کراؤں۔

اے ڈی خواجہ نے خط میں مزید لکھا کہ اپیکس کمیٹی کے فیصلوں کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے اور فیصلوں پر کسی قسم کا کوئی عملدرآمد نہیں ہو رہا، یہ صورتحال ماتحت ملازمین پر انتظامی کنٹرول کو کمزور کرنے کی طرف جا رہی ہے، جبکہ پولیس ایکٹ 1861 کے مطابق آئی جی سندھ محکمہ پولیس کا انتظامی سربراہ ہے، آئی جی سندھ کے اختیارات میں مداخلت کرکے سندھ پولیس کے مورال کو خراب کیا جا رہا ہے، سندھ پولیس پر اب میرا کنٹرول نہیں رہا ہے، لہٰذا مجھے امید ہے کے آپ اس معاملے پر مداخلت کریں گے، آپ مداخلت کرکے شکایت کا ازالہ کریں گے تو سندھ پولیس کا مفلوج نظام بحال ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 655542
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش