0
Monday 18 Apr 2011 00:09

حکومت،بحرین کی جمہوریت پسند تحریک کو کچلنے کیلئے کی جانیوالی فوجی بھرتیوں کو فی الفور رکوائے،حرمت قرآن و دفاع بحرین ریلی سے مقررین کا خطاب

حکومت،بحرین کی جمہوریت پسند تحریک کو کچلنے کیلئے کی جانیوالی فوجی بھرتیوں کو فی الفور رکوائے،حرمت قرآن و دفاع بحرین ریلی سے مقررین کا خطاب
کراچی:اسلام ٹائمز۔ قرآن مجید اور پیغمبر اکرم حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی شان مبارک میں مغرب کی گستاخیوں کا اقوام متحدہ نوٹس لے، حکومتِ پاکستان بحرین کی جمہوریت پسند تحریک کو کچلنے کیلئے کی جانے والی فوجی بھرتیوں کو فی الفور رکوائے، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکر یٹری جنرل مولانا محمد امین شہیدی، شیعہ علماء کونسل سندھ کے سیکریٹری جنرل مولانا ناظر عباس تقوی، ہیئت آئمہ مساجد و علماء امامیہ پاکستان کے سربراہ مولانا شیخ حسن صلاح الدین، جمیعت علماء پاکستان سندھ کے جوائنٹ سیکریٹری علامہ قاضی احمد نورانی، حوزات علمیہ امامیہ کراچی کے رہنماء مولانا محمد حسین رئیسی، تحریک منہاج القرآن علماء کونسل سندھ کے صدر مفتی عبد المجید اشرفی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی کے صدر محمد رضوی، مولانا باقر زیدی اور دیگر ملت جعفریہ پاکستان کے رہنماؤں نے  ’’حرمت قرآن و دفاع بحرین ریلی‘‘ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
 ریلی نمائش چورنگی سے تبت سینٹر تک نکالی گئی جس میں علماء کرام، مرد اور خواتین نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی، ریلی میں شریک مظاہرین نے بحرین، لیبیاء اور یمنی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور اُن پر ہونے والے مظالم کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں جبکہ بحرین اور پاکستان کے پرچم بھی اٹھائے ہوئے تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مجلس و حدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری مولانا محمد امین شہیدی نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ فی الفور بحرین نیشنل گارڈز کی پاکستان سے ہونے والی بھرتی کے عمل کو رکوائے، انھوں نے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے مطالبہ کیا کہ افواج پاکستان کے ادارے فوجی فاؤنڈیشن کی جانب سے کی جانے والی بحرینی گارڈز کی بھرتیوں سے پاکستان کے عوام میں سخت تحفظات پائے جاتے ہیں لہذا حکومت پاکستان اور افواج پاکستان لوگوں کے تحفظات کو دیکھتے ہوئے اس غیرقانونی عمل کو روکے، ان کا کہنا تھا کہ آج خلیجی ممالک کی افواج امریکی ایماء پر بحرین میں قائم امریکی پٹھو حکومت اور امریکہ کے پانچویں بحری بیڑے کو بچانے کیلئے بحرینی عوام کا قتل عام کر رہی ہیں، تو دوسری جانب مغرب، اسلامی بیداری کی تحریکوں کو ناکام بنانے پر تلا ہوا ہے، انھوں نے امریکہ اور یورپ میں قرآن مجید کی بے حرمتی اور انکو جلانے کی شدید مذمت کی۔
شیعہ علماء کونسل سندھ کے رہنماء مولانا ناظر عباس تقوی کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان بحرین میں جاری عوامی انقلاب کی حمایت کرے اور سفارتی سطح پر بےگناہ یمنی، بحرینی اور لیبیاء میں مظاہرین کے قتل عام کی مذمت کرے، ان کا کہنا تھا کے بحرین نیشنل گارڈز کیلئے پاکستان سے افراد کی بھرتی قابل مذمت اور اس کے حوالے سے ملت جعفریہ اور پاکستانی قوم شدید تحفظات کا شکار ہے، لہذا اس بھرتی کے عمل کو فوری طور پر روکا جائے اور امریکی نواز بحرینی حکومت کو تحفط فراہم نہ کیا جائے، ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور مغربی ممالک کی جانب سے مسلسل پیغمبر ختمی مرتبت حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور قرآن مجید کی بے حرمتی ناقابل بر داشت ہے۔ اقوام متحدہ، او آئی سی، اور مسلم ممالک مسلسل بےحرمتی کے گستاخانہ عمل کو روکنے کیلئے پالیسی مرتب کرے۔
ہیئت آئمہ مساجد و علماء امامیہ پاکستان کے سر براہ مولانا شیخ حسن صلاح الدین کا کہنا تھا کہ عرب ممالک میں آنے والے انقلاب سے مغرب کی جڑیں کمزور ہو رہی ہیں اور سامراجی طاقتیں عالم اسلام میں پیدا ہونے والی بیداری کی تحریکوں سے خوف زدہ ہو کر اس کو کچلنے کے لیے میدان میں آگئیں ہیں،انکا کہنا تھا کہ ایک جانب تو مغرب شان رسالت ص او ر توہین قرآن کی سازشوں میں مصروف ہے تو دوسری جانب مسلم دنیا پر بیٹھائے اپنے کٹ پتلی حکمرانوں کو بچانے کے لیے بے گناہ افراد کا قتل عام کروا رہا ہے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او کراچی ڈویژن کے صدر محمد رضوی کا کہنا تھا کہ بحرین کی اسلامی تحریک کو کچلنے کی سازش میں امریکا اسرائیل اور خطے کی ریاستیں شامل ہیں، تاکہ بحرین میں موجود امریکی بحری بیٹر ے کو تحفظ فراہم کیا جاسکے۔ انکا کہنا تھا کہ بحرین کے مسلمانوں پر فوجی یلغار کرنے والے ممالک فلسطینی مسلمانوں کی امداد کے لیے اپنی افواج کیوں نہیں بھیجتے۔ انکا کہنا تھا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی اسلامی بیداری سے اسرائیل کا ناپاک وجود جلد ہی اپنے اختتام کو پہچے گا۔
تحریک منہاج القرآن علماء کونسل صوبہ سندھ کے سربراہ علامہ مفتی عبدالمجید اشرفی نے کہا کے قر آن مجید کی بے حرمتی اور نبی کریم ص کی شان میں گستاخی کرنے والے پادری کو نشان عبرت بنا دینا چاہیے، ہماری بدقسمتی ہے کہ استعمار نے مسلمانوں کو ہمیشہ آپس میں الجھا کے رکھا اور آج بحرین میں پرامن مظاہرین پر خلیجی افواج بالخصوص سعودی عرب کے حملوں نے استعمار کی غلام حکومتوں کا چہرہ عیاں کر دیا ہے۔ افواج پاکستان اس گھناؤنے کھیل میں اپنا اسلامی تشخص برقرار رکھے اور بحرین کے خلاف استعماری سازشوں کا حصہ نہ بنے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے بحرین کی شیطانی حکومت کی معاونت کی مذمت کرتے ہیں جسکے سبب بے گناہ مظاہرین کا قتل عام جاری ہے۔
مولانا محمد حسین رئیسی کا کہنا تھا کہ سامراجی طاقتیں اپنے عزائم کے لیے مسلمانوں میں گروہی اختلافات کو ایجاد کرنا چاہتی ہیں اور اسلامی بیداری کی تحریکیں جو دراصل امریکا اور اسرائیل کے خلاف مسلم امہ کی آواز ہے کو شیعہ و سنی میں تقسیم کر کے اس اسلامی بیداری کو فرقہ واریت کی نذر کرنے کی سازشیں کر رہی ہیں، انہوں نے مسلم امہ اور مسلمانان پاکستان سے اپیل کی کہ وہ امریکا و اسرائیل کی سازشوں سے ہوشیار رہیں اور سامراج کے ایجینٹوں کی مسلمانوں کو باہمی دست و گریباں کرنے کی سازشوں کو اپنے اتحاد سے ناکام بنا دیں۔
خبر کا کوڈ : 65971
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش