0
Monday 14 Aug 2017 14:21

جشن آزادی کی تقریبات جاری، آرمی چیف نے واہگہ بارڈر پر 400 فٹ بلند قومی پرچم لہرا دیا

جشن آزادی کی تقریبات جاری، آرمی چیف نے واہگہ بارڈر پر 400 فٹ بلند قومی پرچم لہرا دیا
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر میں جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا، رات 12 بجتے ہی واہگہ بارڈر پر ایشیاء کا سب سے بڑا اور اونچا سبز ہلالی پرچم لہرا دیا گیا۔ تقریبات شروع ہوتے ہی لاہور میں مینار پاکستان، جیلانی پارک اور گلشن اقبال میں آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ پوری قوم سڑکوں پر نکل آئی۔ دن کا آغاز مساجد میں تحریک آزادی کے شہداء کیلئے قرآن خوانی سے ہوا جبکہ ملک و قوم کی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور مادرِوطن کی حفاظت کیلئے سرحدوں پر تعینات پاک فوج کے جوانوں کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ سرکاری و نجی عمارتوں، گھروں پر قومی پرچم لہرائے گئے جبکہ مارکیٹوں اور گلیوں بازاروں کو رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔ رات کو عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا۔ پرچم کشائی کی تقریبات بھی منعقد ہوئیں۔ جشن آزادی کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہے، ملک بھر میں جشن آزادی کے سلسلے میں بچوں، مرد و خواتین میں بے پناہ جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ ملک بھر کے تمام شہروں میں گلی محلوں اور بازاروں کو رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے تمام شہروں میں قومی پرچم، جھنڈیوں، بیجز وغیرہ کی خرید عروج پر پہنچ چکی ہے جبکہ پولیس کی جانب سے سخت ترین حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔

لاہور میں واہگہ بارڈر پر 400 فٹ پرچم بلند کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دشمنوں کا بارود کم پڑ جائے گا ہمارے جوانوں کے سینے ختم نہیں ہونگے، دہشتگردوں کو چن چن کر ماریں گے، ہم سے ملک کی ترقی کے اس سفر میں کچھ غلطیاں بھی ہوئیں لیکن ان سے ہم نے بہت کچھ سیکھا ہے، پاکستان کا راستہ آئین اور قانون کا ہے، ملک کا ہر ادارہ بہترین انداز میں کام کر رہا ہے، پاک فوج اور اس کے ادارے کبھی قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا جوش دیکھ کر میرے اعتماد میں بھر پور حوصلہ ملا ہے، جو ملک اللہ اور رسولؐ کے نام سے بنایا گیا ہو اس کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ جب ملک بنا تو قلیل وسائل کے باوجود ہمارے بزرگوں نے محنت کرکے ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور آج پاکستان کا ہر ادارہ بہترین انداز میں کام کر رہا ہے، اس سفر میں ہم نے ہر محاذ پر بہت سی قربانیاں دی ہیں آج جو چراغ جل رہے ہیں ان میں شہدوں کا خون جل رہا ہے، شہداء ہمارے ساتھ ہیں ہم ان کو کبھی نہیں بھول سکتے۔

انہوں نے کہا ہم اس فوج سے تعلق رکھتے ہیں جس نے سیاچن کے گلیشئر میں جوانوں کی نعشیں نکال لیں ہم اپنی پیشہ وارنہ صلاحیتوں میں دنیا کی بہترین فوج ہیں۔ آرمی چیف کا کہنا تھا ہمارے دشمنوں کی گولیاں اور اسلحہ ختم ہو جائے گا لیکن ہمارے جوانوں کے سینے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ پاک فوج اور اس کے ادارے کبھی آپ کو مایوس نہیں کریں گے، کوئی ایسی طاقت جو پاکستان کی طرف غلط نظر سے دیکھے گی ہم ان کے عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ جو بھی پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا تو پاک فوج اور قوم اس کے سامنے سیسہ پلائی کی دیوار بن جائے گی اور دہشتگردوں کو چن چن کر مارے گی۔ انہوں نے کہا کہ وطن سب سے پہلے ہے اور ہر پاکستانی ردالفساد کا سپاہی ہے قیام امن کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 661153
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش