0
Saturday 26 Aug 2017 00:41
پاناما کیس میں پھنسا تھا، اب سندھ کے دورے کرونگا

جلد سندھ میں بھی ایک فرعون کہے گا مجھے کیوں نکالا، عمران خان

آصف زرداری اور نواز شریف میں فرق ہے کیونکہ زرداری کو پتہ ہوگا کہ اسے کیوں نکالا گیا
جلد سندھ میں بھی ایک فرعون کہے گا مجھے کیوں نکالا، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نواز شریف کے بعد آصف زرداری کو ہدف بنا لیا، بولے جلد سندھ سے بھی آواز آئے گی، مجھے کیوں نکالا، سندھ کے چوروں کا سردار آصف زرداری ہے، جس کا پاکستانی سیاست کے گاڈ فادر نواز شریف کی طرح مقابلہ کروں گا۔ تفصیلات کے مطابق سکھر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے عدلیہ اور پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار کیا، ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی پر نواز شریف اور آصف زرداری کے خاموش رہنے کی وجہ بتائی، کہا کہ پاکستان مقروض نہ ہوتا تو آج یہ دن نہ دیکھنے پڑتے۔ عمران خان نے کہا کہ وقت کے فرعونوں نے سندھ کے عوام پر بے انتہا ظلم کیا، دنیا آگے جا رہی ہے اور سندھ کے عوام پیچھے رہ گئے ہیں، سندھ کا پیسا چوری کر کے باہر بھیجا گیا، مگر اب پاکستان کی تاریخ کا سنہری دور آنے والا ہے اور آصف زرداری کے خلاف آپ کو میرے ساتھ مل کر مقابلہ کرنا ہے، کیونکہ سندھ کے چوروں کا سردار آصف زرداری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک گاڈ فادر کو قوم نے سڑکوں پر نکل کر شکست دی اور آج وہ کہتا ہے کہ مجھے کیوں نکالا، لیکن کچھ وقت بعد سندھ میں بھی ایک فرعون کہہ رہا ہوگا کہ مجھے کیوں نکالا، آصف زرداری اور نواز شریف میں فرق ہے، کیونکہ آصف زرداری کو پتہ ہوگا کہ اسے کیوں نکالا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ کیا نواز شریف کو واقعی سمجھ نہیں ہے کہ انہیں کیوں نکالا، نواز شریف آپ کی بیرون ملک جائیدادیں ہیں، یہ پیسا کہاں سے آیا، آپ نے پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا، ادارے تباہ کئے، نواز شریف نے اتنی چوری کی ہے کہ شاید اتنی آصف زرداری نے بھی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنی چوری اور کرپشن بچانے کیلئے ملک کے ادارے تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں، انہوں نے کوئی ادارہ نہیں چھوڑا جس میں اپنے لوگ نہ بیٹھائے ہوں، آج نواز شریف وکیلوں کے سامنے عدلیہ کے خلاف باتیں کر رہے تھے، کیا ایک نااہل اور کرپٹ شخص کی باتیں سننے والے وکیل نادان تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قانون کا دوہرا معیار ہے، جو پیسا عوام پر لگنا چاہیے، وہ ملک سے باہر چلا جاتا ہے، پینے کا صاف پانی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، سندھ میں بڑے کسان پانی لے جاتے ہیں، لیکن چھوٹے کسانوں کو پانی نہیں ملتا، آج خیبر پختونخوا کے ہر چھوٹے قصبے اور ضلع میں ڈاکٹرز ہیں، لیکن سندھ کے لوگوں کا برا حال ہے۔

آصف زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ زرداری کی بھی جائیدادیں مغرب میں ہیں، پاکستانیو! اس کو ووٹ کبھی نہ دینا جس کا پیسا اور جائیدادیں بیرون ملک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا پیسا مغرب میں ہے، اس لئے انہوں نے ٹرمپ کے بیان پر ایک لفظ نہیں کہا، نواز شریف کو ڈر ہے کہ ٹرمپ کیخلاف بات کی تو اس کا پیسہ بھی چلا جائے گا اور نواز شریف کو پتا ہے کہ جیل گیا تو اس کے تمام اثاثے ضبط ہو جائیں گے، آصف زرداری بھی ٹرمپ کے بیان پر خاموش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاناما کیس میں پھنسا تھا، اب سندھ کے دورے کروں گا، پوری قوم سپریم کورٹ اور فوج کے ساتھ ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ تم ایک آدمی نکالو گے، میں 100 بندے نکالوں گا۔ عمران خان نے کہا کہ کہ کرپٹ مافیا ڈاکو پاکستان عوام کا خون چوس رہے ہیں اور اگر عوام میرا ساتھ دے، تو ان کرپٹ مافیا کو میں ٹھکانے لگاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سندھ کا سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے، غلام حسین نامی نوجوان نے بیروزگاری کے باعث خودکشی کی ہے، بے روزگار لڑکے تنگ آکر جرم کی طرف چلے جاتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 664209
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش