0
Tuesday 12 Sep 2017 00:55

نائن الیون کا حملہ تاریخ کا بدترین حملہ تھا جو پرل ہاربر پر ہونے والے حملے سے بھی زیادہ خوفناک تھا، ٹرمپ

نائن الیون کا حملہ تاریخ کا بدترین حملہ تھا جو پرل ہاربر پر ہونے والے حملے سے بھی زیادہ خوفناک تھا، ٹرمپ
اسلام ٹائمز۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نائن الیون واقعہ کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا پر حملہ کرنے والوں کو دنیا میں کہیں بھی چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ نائن الیون حملوں کی 16 ویں برسی کے موقع پر پینٹاگون میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کو کسی بھی طریقے سے خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا اور اگر کسی نے ایسا کرنے کی کوشش کی تو وہ بھی ان شکست خوردہ دشمنوں کی فہرست میں شامل ہو جائے گا، جنہوں نے امریکا کی طاقت کو آزمانے کی جرات کی۔ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ نائن الیون کا حملہ امریکی تاریخ کا بدترین حملہ تھا اور یہ پرل ہاربر پر ہونے والے حملے سے بھی زیادہ خوفناک تھا، کیوں کہ اس میں عام شہریوں، بے گناہ بچوں اور عورتوں کو غیر ضروری طور پر نشانہ بنایا گیا۔ ٹرمپ نے واضح کیا کہ وہ اب اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ ان عناصر کو کہیں محفوظ ٹھکانہ نہ ملے جنہوں نے امریکا پر حملے کیے۔ ٹرمپ نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ ان وحشی قاتلوں کو کوئی ایسا ٹھکانہ نہ ملے جو ہماری پہنچ سے باہر ہو، کوئی ایسی پناہ گاہ نہ ملے جو ہماری گرفت سے باہر ہو اور پوری دنیا میں انہیں کہیں چھپنے کی جگہ نہ ملے۔ تقریب میں امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ بھی موجود تھیں جہاں 11 ستمبر 2001 کو ہونے والے حملوں میں ہلاک ہونے والے تقریباً 3 ہزار افراد کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی جبکہ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ نے ہلاک شدگان کی یادگار پر پھول بھی رکھے۔ خیال رہے کہ امریکا نائن الیون حملوں کا ذمہ دار القاعدہ کو ٹھہراتا ہے اور ان حملوں میں ملوث ہونے کے الزام میں متعدد افراد کو گوانتا نامو جیل میں قید رکھا گیا جب کہ امریکا نے نائن الیون کے حملے کے فوراً بعد ہی افغانستان پر حملہ کر کے اپنی فوجیں وہاں بھجوا دی تھیں، جو آج بھی طالبان اور دیگر شدت پسند تنظیموں کے خلاف لڑ رہی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 668320
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش