0
Sunday 8 Oct 2017 23:01

اسپائی ماسٹرز اسپیک کے عنوان سے لندن میں مذاکرہ، را اور آئی ایس آئی کے سابق چیف آمنے سامنے

اسپائی ماسٹرز اسپیک کے عنوان سے لندن میں مذاکرہ، را اور آئی ایس آئی کے سابق چیف آمنے سامنے
اسلام ٹائمز۔ بھارتی خفیہ ایجنسی کے سابق سربراہ امرجیت سنگھ دولت نے لندن میں مذاکرے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 15 ماہ میں افراتفری پھیلا دی ہے۔ دی ہندو کی ایک رپورٹ کے مطابق لندن میں ایک تقریب کے دوران آئی ایس آئی کے سابق سربراہ احسان الحق کے ساتھ مذاکرے میں بھارتی ایجنسی را کے سابق سربراہ امرجیت سنگھ دولت نے کہا کہ مذاکرات شروع کرنے کے لیے یہ بہترین موقع ہے۔ لندن اسکول آف اکنامکس ساؤتھ ایشیا فورم اور ایل ایس ای پاکستان ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے تعاون سے ترتیب دیے گئے مذاکرے کا عنوان اسپائی ماسٹرز اسپیک، کیا خفیہ ایجنسیاں بہتر کرسکتی ہیں، تھا جہاں دونوں ممالک کی خفیہ ایجنسیوں کے سابق سربراہان نے خیالات کا اظہار کیا۔ ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سابق سربراہ احسان الحق نے مذاکرے کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں گزشتہ سال جولائی کے بعد حالات بدتری کی جانب مڑ چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوسرز نے مظاہرین کے ساتھ بے رحمی سے سلوک کرتے ہوئے بلاامتیاز پیلٹ گنز کا استعمال کیا ہے۔ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور ان کے انتہاپسند اتحادی پاکستان کے خلاف سیاسی اور الیکٹورل برتری پر سخت بیان بازی کررہے ہیں۔ دی ہندو کے مطابق انھوں نے کہا کہ اگر مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کیا گیا تو بڑھتی ہوئی شدت کے ساتھ یہ ایک بحران بن جائے گا جبکہ دونوں ممالک مذاکرات کے بغیر اس کو حل نہیں کرسکتے ہیں۔

اس موقع پر امرجیت سنگھ دولت نے کہا کہ کشمیر میں سختی کبھی کام نہیں آئی بلکہ یہ دنیا میں کہیں بھی کارآمد نہیں ہے جس کی مثال ہمارے سامنے اسپین کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے حوالے سے مذاکرات کی ضرورت ہے اور یہ مذاکرات سب کے سامنے ہوں اور نہ صرف ہمارے درمیان بلکہ دہلی اور سری نگر کے درمیان بھی ہوں۔ واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ہمیشہ کشیدہ رہے ہیں تاہم بھارت کی جانب سے جنگ بندی کےمعاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) میں حالیہ بلااشتعال فائرنگ کے بعد مزید خراب ہوگئے ہیں۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ 36 ویں اجلاس کے انسانی حقوق کونسل کے سیشن میں اس معاملے کو بھرپور انداز میں اٹھایا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت کا کشمیر میں فوجہ قبضہ سیکیورٹی کونسل کی قرارداد کے مطابق غیرقانونی ہے۔
خبر کا کوڈ : 675153
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش