0
Tuesday 16 Jun 2009 10:56

فلسطینیوں کی طرف سے غیر مسلح فلسطین کی اسرائیلی تجویز مسترد،غیر مشروط مذاکرات کیلئے تیار ہیں : اسرائیل

فلسطینیوں کی طرف سے غیر مسلح فلسطین کی اسرائیلی تجویز مسترد،غیر مشروط مذاکرات کیلئے تیار ہیں : اسرائیل
لکسمبرگ، مقبوضہ بیت المقدس، رملہ : اسرائیلی وزیر خارجہ لائبر مین نے کہا کہ وہ فلسطین اور شام کے ساتھ پیشگی شرائط کے بغیر مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ یورپی یونین کے حکام سے بات چیت کے بعد انہوں نے کہا کہ ہم امن مذاکرات کے ذریعے ہی مسائل حل کر سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ اتوار کے روز اسرائیلی وزیراعظم نتین یاہو نے بیان جاری کیا تھا کہ وہ غیر مسلح فلسطین کو تسلیم کرنے کیلئے تیار ہیں جس کے بعد فلسطین اور حماس نے اسرائیل کی اس تجویز کو مسترد کر دیا تھا جبکہ امریکہ نے نتین یاہو کے اس بیان کو سراہا تھا۔ فلسطینی مذاکرات کار صائب ارکات نے اسرائیلی وزیراعظم کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو کی تقریر نے دو ریاستوں کے قیام کا دروازہ بند کر دیا ہے۔ انہوں نے دنیا کو خبردار کیا ہے کہ وہ فلسطینی ریاست کے قیام کی اصطلاح کے دھوکے میں نہ آئے کیونکہ نیتن یاہو نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دیا ہے۔ اسلامی کانفرنس تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل اکمل الدین احسان اوگلو نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات اس وقت تک خارج از امکان ہیں جب تک وہ مشرق وسطی میں قیام امن کیلئے بنیادی مقاصد کو پورا نہیں کرتا۔ پیر کو سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسلامی کانفرنس تنظیم سعودی عرب کی اس امن تجویز کی حمایت کرتی ہے جس میں زمین کے بدلے امن کے حصول، فلسطینیوں کے حقوق کی بحالی اور مقبوضہ بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت بنانے کی توثیق کی گئی ہے۔ اکمل الدین احسان اوگلو نے دو ریاستی تجویز کی حمایت کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ اسرائیل اسے تسلیم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی حکومت کو اپنے اچھے ارادوں کو ثابت کرنے کیلئے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں نئی یہودی بستیوں کی تعمیر بند کر دینی چاہئے۔
خبر کا کوڈ : 6766
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش