0
Wednesday 25 Oct 2017 23:48

شیعہ مسنگ پرسنز ریلیز کمیٹی کا 27 اکتوبر کو ملیر سٹی تا گورنر ہاؤس پُرامن احتجاجی مارچ کا اعلان

شیعہ مسنگ پرسنز ریلیز کمیٹی کا 27 اکتوبر کو ملیر سٹی تا گورنر ہاؤس پُرامن احتجاجی مارچ کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ شیعہ مسنگ پرسنز ریلیز کمیٹی نے لاپتہ شیعہ افراد کی عدم بازیابی کے خلاف 27 اکتوبر بروز جمعہ بعد نماز مغربین ملیر سٹی تا گورنر ہاؤس پُرامن احتجاجی مارچ کا اعلان کر دیا ہے۔ کراچی پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیعہ مسنگ پرسنز ریلیز کمیٹی کے سربراہ علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ لاپتہ شیعہ افراد کی بازیابی کے حوالے سے گذشتہ تقریباً ایک ماہ سے ان لاپتہ افراد کے اہل خانہ، جن میں خواتین، بزرگ اور بچے شامل ہیں، کراچی کے مختلف مقامات پر مجالس و جلوس عزاء کے مواقع پر اپنے لاپتہ پیاروں کی تصاویر اٹھائے احتجاج کرتے نظر آرہے تھے، اس کے بعد ملت جعفریہ کی تمام شیعہ تنظیموں اور سرکردہ رہنماؤں نے ان لاپتہ افراد کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں رضا کارانہ گرفتاریاں پیش کیں، جو کراچی کے مختلف علاقوں، جن میں کھارادر، عباس ٹاؤن اور ملیر سے ہوئیں، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکام کے کان پر جوں تک نہیں رینگی تو مجبوراً کچھ علماء اور ان کے ساتھ کچھ افراد نے بھوک ہڑتال شروع کر دی، یہ بھوک ہڑتال جاری تھی کہ بھوک ہڑتالیوں کی حالت خراب ہونے پر لاپتہ افراد کے اہل خانہ نے شدت کے ساتھ ان کی بھوک ہڑتال اور رضاکارانہ گرفتاری کے خاتمے کیلئے پولیس اسٹیشن اور بھوک ہڑتالی کیمپ پر علماء کرام اور ان کے ساتھیوں سے درخواست کی، خواتین نے رو رو کر یہ اعلان کیا کہ اگر آپ نے یہ بھوک ہڑتال ختم نہیں کی، تو ہم بھی بھوک ہڑتال شروع کر دیں گے، یہ اعلان علماء کرام اور ان کے ساتھیوں کیلئے ناقابل قبول تھا، لہٰذا رضاکارانہ گرفتاریوں اور بھوک ہڑتال کو ختم کر دیا گیا۔

علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ اب اگلے مرحلے میں لاپتہ شیعہ افراد کی بازیابی کیلئے تحریک کو نئے انداز سے جاری رکھنے کا اعلان کیا جا رہا ہے، اب ہم ملیر سے براستہ شاہراہ فیصل گورنر ہاؤس تک پُرامن احتجاجی مارچ کریں گے، یہ احتجاجی مارچ بروز جمعہ 27 اکتوبر بعد نماز مغربین ملیر سٹی سے شروع کیا جائے گا اور گورنر صاحب کی توجہ اس اہم انسانی مسئلے پر کرانے کیلئے کہ شیعہ لاپتہ افراد کو بازیاب کرانا ریاست اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے، اس سلسلے میں گورنر صاحب اپنا کردار ادا کریں اور لاپتہ افراد کے اہل خانہ کو انکا آئینی اور قانونی حق دیا جائے، یہ احتجاجی مارچ پُرامن ہوگا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں لاپتہ افراد کے اہل خانہ اور شیعیان حیدر کرار شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اس پُرامن احتجاجی مارچ کو اس کی منزل گورنر ہاؤس جانے تک حکومت رکاوٹ نہیں بنے گی، تاکہ ہم اپنا جمہوری حق ادا کرتے ہوئے اپنی آواز وہاں تک پہنچا سکیں، جو اس مسئلے کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ پریس کانفرنس میں علامہ احمد اقبال، علامہ عقیل موسٰی، صغیر عابد رضوی، علی حسین، نثار شاہ جی، حسن رضا سہیل، راشد رضوی، میثم عابدی، رضی حیدر، قاسم نقوی و دیگر شیعہ جماعتوں کے رہنماء بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 679253
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش