0
Wednesday 17 Jun 2009 14:23

انتخابات کے بعد انتشار کی امریکی سازش ناکام ہو گی،ایرانی قونصلر

ایران،الیکشن کمیشن ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر آمادہ ۔ہلاکتیں 7ہو گئیں
انتخابات کے بعد انتشار کی امریکی سازش ناکام ہو گی،ایرانی قونصلر
کراچی:کراچی میں تعینات ایرانی قونصل جنرل مسعود زمانی نے کہا ہے کہ اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں، ایران میں صدارتی انتخاب کے بعد انتشار پھیلانے کی امریکی سازش کامیاب نہیں ہو گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر منعقدہ تقریب میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی قونصل جنرل ایران مصطفیٰ زندیہ بھی ان کے ساتھ تھے۔ مسعود زمانی نے کہا کہ امریکا کی سربراہی میں مغربی دباو تاحال برقرار ہے تاہم ایرانی قوم انقلاب ایران کے حوالے سے متحد ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان ایک جان دو قلب کی مانند ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان سیاسی،سماجی اور اقتصادی تعلقات برقرار ہیں اور آئندہ بھی اسی جذبے سے جاری رہیں گے۔انہوں نے محمود احمدی نژاد کے دوبارہ صدر کے طور پر انتخاب کی مبارکباد دینے والوں کا شکریہ ادا کیا۔قبل ازیں چیف ایڈیٹر روزنامہ جسارت اطہر ہاشمی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم امریکا سے نالاں ہے اور وہاں پر بھی”گو امریکا گو“ تحریک موجود ہے تاہم اس کا انداز پاکستان میں جماعت اسلامی کی”گو امریکا گو“مہم سے مختلف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم مہمان نواز، منظم اور مہذب ہے،ایرانی کلچر اور فارسی زبان کے برصغیر پاک و ہند پر گہرے اثرات رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صدارتی انتخاب میں حصہ لینے والا کوئی امیدوار انقلاب امام خمینی کا مخالف نہیں اس حوالے سے پوری قوم متحد ہے۔اس موقع پر مقامی ٹی وی چینل سے وابستہ سینئر صحافی مظفر اعجاز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نام نہاد اصلاح پسند تحریک کو ایرانی قوم نے مسترد کر دیا ہے پاکستانی حکمرانوں کو ایرانی حکمرانوں کی طرز پر عمل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے قائد کی قبر کے احاطے میں پارک تعمیر کر کے ٹکٹ لگا دیا جبکہ ایرانی قوم نے اپنے قائد کی قبر کے احاطے میں یونیورسٹی قائم کی ہے جس سے علم اور نظریے کے چشمے پھوٹتے ہیں۔ مقامی اخبار کے چیف رپورٹر یوسف خان نے کہا کہ ایران آئل پروڈیوسنگ ملک ہے لیکن اس کے سربراہ کا طرز زندگی سادہ جبکہ پاکستان آئل امپورٹ ملک ہونے کے باوجود حکمرانوں کا طرز زندگی شاہانہ ہے جو کہ ایک افسوسناک فرق ہے۔کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز فاران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں اسلامی شریعت جدیدیت اور مکمل آزادی کے ساتھ نافذ ہے۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل پریس کلب نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب کے اختتام پر مہمانوں کو سندھی اجرک اور ٹوپی پیش کی گئی۔
ایران،الیکشن کمیشن ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر آمادہ ۔ہلاکتیں 7ہو گئیں
تہران: ایران کے الیکشن کمیشن نے ہارنے والے امیدواروں کی شکایات پر بعض پولنگ بوتھوں کی دوبارہ گنتی پر آمادگی ظاہر کر دی جبکہ پر تشدد واقعات میں ہلاک افراد کی تعداد 7 ہوگئی۔دوسری جانب احمدی نژاد کے حامی بھی سڑکوں پر نکل آئے۔واضح رہے کہ ایران کے صدارتی انتخاب میں محمود احمدی نژاد کی کامیابی کے بعد تہران میں ہنگامے پھوٹ پڑے تھے۔ ایرانی ریڈیو کے مطابق صدارتی انتخاب میں دھاندلیوں کے خلاف گزشتہ روز تہران میں میر حسین موسوی کے حامیوں نے ریلی نکالی۔ ریلی میں شریک کچھ شر پسند عناصر آزادی اسکوائر پر واقع فوجی پوسٹ پر حملہ اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانا چاہتے تھے۔اس دوران 7 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تاہم ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہنگامہ آرائی میں 8 افراد ہلاک ہوئے۔ دوسری جانب ایران کی حکومت نے حالیہ متنازعہ صدارتی انتخاب کے نتیجے میں اٹھنے والی احتجاجی تحریک کے تناظر میں دو اہم اصلاح پسند رہنماؤں کو گرفتار کر لیا ہے ،گرفتار شدگان میں سعید حجاریان اور محمد علی ابطہی شامل ہیں ۔ رہنماوں کے ساتھیوں کا کہنا ہے کہ گرفتاریاں احتجاجی تحریک کو دبانے کے لیے کی گئی ہیں۔






خبر کا کوڈ : 6816
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش