0
Saturday 30 Apr 2011 01:07

اگلے 72 گھنٹے میں سیاسی فضاء صاف ہو جائے گی، ہمیں نواز لیگ کی اب بھی ضرورت ہے، فردوس عاشق

اگلے 72 گھنٹے میں سیاسی فضاء صاف ہو جائے گی، ہمیں نواز لیگ کی اب بھی ضرورت ہے، فردوس عاشق
لاہور:اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اگلے 72 گھنٹے میں سیاسی فضاء صاف ہو جائے گی، پیپلزپارٹی کو مسلم لیگ (ن) کی اب بھی ضرورت ہے، موجودہ حکومت نے صحافیوں اور صحافتی اداروں کے مسائل کے حل کے لیے سابق صدر جنرل پرویز مشرف دور کی پریس کونسل کو فعال بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے شروع دن سے مفاہمت کی پالیسی کو اپنایا اور آج تک اس پر کاربند ہے، انہوں نے کہا کہ ملکی حوالے سے اٹھائے گئے تمام اقدامات میں ہمیشہ پی پی پی نے ملک کی تمام چھوٹی بڑی سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا اور جتنے بھی فیصلے کیے گئے تمام سیاسی پارٹیوں کے قائدین کی مشاورت سے کیے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جمہوریت اور جمہوری اداروں کی مضبوطی کا انحصار ملک میں جاری جمہوری سیاسی نظام کے استحکام سے منسلک ہے، جسے پی پی پی کسی صورت ڈیل ریل نہیں ہونے دے گی، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) سے اتحاد بھی مفاہمت کی پالیسی کے تحت ہے، تاکہ سیاسی نظام کے بیڑے کو قائم دائم رکھا جا سکے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے ساتھ پی پی پی کے بیشتر معاملات طے پا چکے ہیں، اب صرف دونوں پارٹیوں کے قائدین کا ساتھ ملکر بیٹھ کر حتمی فیصلہ کرنے کی دیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے اگلے 72 گھنٹے بہت اہم ہیں، اس عرصہ میں ملک میں سیاسی فضاء بالکل صاف ہو جائے گی، وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہمارا مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اتحاد قائم ہوا تھا، جس کو ہم نے قائم رکھا اور آج اگر وہ اتحاد باقی نہیں رہا تو اس میں پی پی پی کا کوئی قصور نہیں ہے، وہ اتحاد مسلم لیگ (ن) نے خود توڑا تھا، ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں آج بھی مسلم لیگ (ن) کی ضرورت ہے، پی پی پی چاہتی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ملکر ملک کو درپیش مسائل سے باہر نکالیں، انہوں نے کہا کہ اگر ایک پارٹی ملکی مفادات کو پس پشت ڈال کر صرف اور صرف اپنے مفادات کی خاطر مخالفت پر اتر آئی ہے تو اس میں پی پی پی اور ملکی مفادات سے پیچھے نہیں ہٹ سکتی۔ 
انہوں نے کہا کہ پی پی پی کسی صورت جمہوری نظام کو ڈی ریل نہیں ہونے دے گی، وفاقی وزیر نے کہا کہ پی پی پی کا زیادہ تر وقت دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اقتصادی بحران سے نمٹنے میں لگا ہے، اب حکومت عوام کو ریلیف دینے پر لگائے گی، انہو ں نے کہا کہ حکومت انرجی کے بحران سے نبرد آزما ہے اور اس بحران کے مستقل خاتمہ کے لیے ایمرجنسی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، جس کے لیے بیرون ممالک سے معاہدے کیے جا رہے ہیں، وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت صحافیوں کے مسائل کے حوالے سے بھی اقدامات کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ صحافیوں اور صحافتی اداروں کے مسائل کے حل کے لیے سابق صدر پرویز مشرف دور کی پریس کونسل کو فعال بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور بہت جلد اس کے چیئرمین کا تقرر بھی کر لیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ علاقائی اخبارات کو اشتہارات میں ان کا مناسب حصہ دیا جائے گا اور الیکٹرانک میڈیا سے بہتر تعلقات کے لیے علیحدہ محکمہ قائم کیا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 68700
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش