0
Wednesday 13 Dec 2017 22:00
بیت المقدس کی آزادی کا مسئلہ اجلاسوں اور قراردادوں کے ذریعے نہیں بلکہ جہاد کے ذریعے حل ہوگا، علامہ خادم حسین رضوی

لاہور، تحریک لبیک کے زیراہتمام تحفظ بیت المقدس مارچ، مال روڈ مردہ باد امریکہ کے نعروں سے گونجتا رہا

لاہور، تحریک لبیک کے زیراہتمام تحفظ بیت المقدس مارچ، مال روڈ مردہ باد امریکہ کے نعروں سے گونجتا رہا
اسلام ٹائمز۔ تحریک لبیک یارسول اللہ کے زیر اہتمام لاہور میں داتا دربار سے پنجاب اسمبلی تک "تحفط بیت المقدس مارچ" کیا گیا جس کی قیادت پیر افضل قادری اور علامہ خادم حسین رضوی نے کی۔ مارچ کی روانگی سے قبل داتا دربار چوک میں خصوصی دعا کروائی گئی۔ مارچ ناصر باغ سے ہوتا ہوا استنبول چوک، انار کلی، جی پی او چوک، ریگل چوک سے ہوتا ہوا پنجاب اسمبلی کے سامنے فیصل چوک میں پہنچا۔ جلوس کے شرکاء مردہ باد امریکہ اور مردہ باد اسرائیل کے نعرے بھی لگاتے رہے۔ مظاہرین نے فیصل چوک میں امریکی پرچم بھی نذر آتش کیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی نے کہا کہ بیت المقدس کی آزادی کا مسئلہ اجلاسوں اور قراردادوں کے ذریعے نہیں بلکہ جہاد کے ذریعے حل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے الیکشن غلامان نبی اپنی پرچی، ووٹ تحریک لبیک کو دین گے تاکہ دین رسول کو تخت پر بٹھا کر مسلمانوں کی دنیا و آخرت سنواری جائے۔ انہوں نے مسلمانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس مقصد کیلئے شہر شہر، گاؤں گاؤں تحریک لبیک یارسول اللہ کو منظم کریں تاکہ پھر کوئی پاکستان میں اسلام و نظریہ پاکستان مخالف کام نہ کئے جا سکیں اور پرامن محافظین ختم نبوت پر گولیاں، شیلنگ، زہریلی گیس اور تشدد نہیں کیا جائے گا بلکہ حکمران وہی ہوں گے جو ختم نبوت کے محافظ ہوں گے۔

پیر محمد افضل قادری نے کہا حال ہی میں امریکہ میں ایک کتاب "دا ڈینجرس کیس آف ڈونلڈ ٹرمپ" شائع ہوئی ہے جس میں 27 ماہرین نفسیات نے ٹرمپ کو نفسیاتی مریض، جھوٹا اور امن عالم کیلئے خطرہ قرار دیا ہے، لہذا امت مسلمہ پر شرعی طور پر یہ فریضہ عائد ہوتا ہے کہ متحد ہو کر امریکہ و اسرائیل کی جارحیت روکنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تحریک لبیک کی ختم نبوت تحریک جاری ہے اور اس سلسلہ میں 4 جنوری 2018ء کو لیاقت باغ راولپنڈی میں صبح 10 بجے دن کل پاکستان تاجدار ختم نبوت (ص) کانفرنس ہو گی جس میں آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فیض آباد دھرنے کے موقع پر کئے گئے معاہدے پر عملدرآمد نہ ہوا تو تحریک لبیک راست اقدام اٹھائے گی اور ہر قیمت پر معاہدے پر عمل کرایا جائے گا۔ تحریک کے مرکزی ناظم نشرو اشاعت پیر اعجاز اشرفی نے ایک قرارداد کے ذریعے پاکستان میں بڑھتی ہوئی فحاشی اور بے راہ روی اور لادینیت اور الحاد پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں نظریہ پاکستان کے مطابق نظام مصطفی نافذ کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 689829
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش