0
Friday 19 Jun 2009 11:05

حکومت شدت پسندی پھیلانے والے مدارس کے خلاف کارروائی کرے،علماء و مشائخ کا وزیراعظم سے مطالبہ

حکومت شدت پسندی پھیلانے والے مدارس کے خلاف کارروائی کرے،علماء و مشائخ کا وزیراعظم سے مطالبہ
اسلام آباد : ملک بھر کے علماء و مشائخ نے پاکستان سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے حکومت کو اپنی بھرپور حمایت اور تعاون کا یقین دلایا ہے۔ یہ یقین دہانی انہوں نے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو اسمبلی کے چیمبر میں ان کے ساتھ منعقدہ ایک ملاقات کے دوران کرائی۔علماء و مشائخ کے وفد نے وزیر اعظم سے درخواست کی کہ آپریشن اپنے منطقی انجام تک پہنچنے تک جاری رہنا چاہئے جبکہ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی پھیلانے میں ملوث مدارس کے خلاف حکومت سخت ترین ایکشن لے۔ انہوں نے ڈاکٹر سرفراز نعیمی کو ملک کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دینے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا،جبکہ وزیر اعظم نے حکومت کو اپنی حمایت فراہم کرنے پر علماء و مشائخ سے اظہار تشکر کیا۔ ملک کے تمام حصوں سے تعلق رکھنے والے علماء و مشائخ نے چیئرمین سنی اتحاد کونسل اور مرکزی جمعیت علماء پاکستان کے صدر صاحبزادہ فضل کریم کی قیادت میں وزیر اعظم سے گذشتہ روز ملاقات کی تھی۔ وزیراعظم نے علماء و مشائخ پر زور دیا کہ وہ اسلام کا صحیح چہرہ متعارف کرانے کے لئے قائدانہ کردار ادا کریں جو امن،برداشت اور بین العقیدہ ہم آہنگی کا حکم دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف نے اسلام تبلیغ کے ذریعے پھیلایا، طاقت یا تلوار کے ذریعے نہیں پھیلا۔ وزیر اعظم نے تخلیق پاکستان اور قیام پاکستان کے سلسلے میں اہم کردار ادا کرنے پر علماء و مشائخ کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے علماء و مشائخ کو کہا کہ وہ عوام میں اس بات کی تبلیغ کریں کہ خودکش حملے اور معصوم لوگوں کی ہلاکتیں اسلام میں حرام ہیں۔
خبر کا کوڈ : 6903
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش