0
Monday 2 May 2011 23:16

حکمران قوم کو بتائیں ایبٹ آباد آپریشن حکومت کی اجازت سے ہوا ہے؟، صاحبزادہ فضل کریم

حکمران قوم کو بتائیں ایبٹ آباد آپریشن حکومت کی اجازت سے ہوا ہے؟، صاحبزادہ فضل کریم
لاہور:اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ پاکستانی حکمران قوم کو بتائیں کہ کیا ایبٹ آباد آپریشن حکومت کی اجازت سے ہوا ہے؟ اور اگر حکومت کی اجازت سے ہوا ہے تو حکومت قوم کو اعتماد میں لے کر واضح پالیسی اختیار کرے، کیونکہ پاکستان کی خودمختاری کا مسئلہ انتہائی اہم ہے۔ حکمران بتائیں کہ کیا غیرملکیوں کو پاکستان میں آپریشن کی اجازت دی جا سکتی ہے۔؟ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ ایبٹ آباد آپریشن کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف متوقع پراپیگنڈے کے توڑ کے لیے حکمران، سیاستدان اور پوری قوم متحد ہو کر اجتماعی موقف اختیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر غیرملکیوں کا آپریشن کرنا پاکستانی خودمختاری کے منافی ہے۔
سنی اتحاد کونسل پاکستان کے مرکزی چیف آرگنائزر پیر سید محمد صفدر شاہ گیلانی نے کہا ہے کہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت سے زیادہ اہم پاکستان میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہے۔ پاکستانی قوم تو اس روز خوشیاں منائے گی جب پاکستان میں دہشت گردوں کا صفایا ہو گا اور پاک سرزمین پر امن قائم ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے ردعمل میں پیدا ہونیوالی صورتحال کا سامنا کرنے، قومی مفادات کے تحفظ اور ملکی سلامتی کیلئے حزب اقتدار اور حزب اختلاف سمیت پوری قوم یکساں موقف اختیار کرے، تاکہ پاکستان کی سلامتی کو لاحق خطرات کا مل کر مقابلہ کیا جا سکے۔ سنی اتحاد کونسل کے سیکرٹری جنرل حاجی حنیف طیب نے کہا کہ تیسری عالمی جنگ پاکستان کی سرزمین پر لڑی جا رہی ہے اور پاکستان عالمی سازشوں کی آماجگاہ بنا ہوا ہے۔ ان حالات میں قومی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔
دریں اثناء سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کے خلاف جاری احتجاجی مہم کے دوسرے روز سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم نے سبزہ زار، شاہدرہ اور شادباغ میں احتجاجی اجتماعات سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدترین مہنگائی اور لوڈشیڈنگ پر قابو نہ پایا گیا تو مسائل زدہ عوام مفاد پرست حکمرانوں کا بوریا بستر گول کر دیں گے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ قوم کو مہنگائی، بیروزگاری اور لوڈشیڈنگ کا تحفہ دینے والے جھوٹے حکمرانوں سے نجات کیلئے سچے لوگ میدان سیاست میں آئیں کیونکہ سیاست میں دیانتدار لوگ آئیں گے تو بددیانت بھاگ جائیں گے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ اللہ کے شیر اور نبی (ص) کے غلام میدان میں آ گئے ہیں، اب جعلی شیر بھاگ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل ”حزب احتساب“ کا کردار ادا کرے گی اور برادری ازم کے بتوں کو پاش پاش کر دے گی۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ ہم کرپٹ حکمرانوں اور سیاستدانوں کو نفرت کی علامت بنا کر ان کے سماجی بائیکاٹ کی مہم چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تخت لاہور کے اصل وارث داتا علی ہجویری ہیں۔ آئندہ الیکشن میں داتا کے غلام اہل لاہور داتا کے غداروں کو مسترد کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کی سیاست میں اہل سنت اہم کردار ادا کریں گے اور سیاسی منافقین کی دکانیں بند کر دیں گے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ اہل سنت کو کسی سیاستدان کے بھٹے کا مزدور اور کسی حکمران کی سیاسی دکان کا سیلز مین نہیں بننے دینگے۔
خبر کا کوڈ : 69398
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش