0
Tuesday 9 Jan 2018 22:24

امریکہ کیساتھ فوجی اور انٹیلیجنس تعاون معطل کر دیا ہے، خرم دستگیر

امریکہ کیساتھ فوجی اور انٹیلیجنس تعاون معطل کر دیا ہے، خرم دستگیر
اسلام ٹائمز۔ وزیر دفاع خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ پاکستان نے امریکہ کے ساتھ انٹیلی جنس اور فوجی تعاون معطل کر دیا ہے۔ اسلام آباد میں ادارہ اسٹریٹجک اسٹڈیز میں تقریب سے خطاب کے دوران خرم دستگیر نے کہا کہ امریکہ کو تاحال فضائی اور زمینی راہداری سہولیات فراہم کر رہے ہیں اور ان کی بندش کا آپشن موزوں وقت پر استعمال کریں گے۔ افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ کھربوں ڈالرز خرچ کرکے بھی امریکہ افغانستان میں جنگ ہار رہا ہے، امریکی وزیر دفاع نے خود تسلیم کیا کہ امریکہ افغانستان میں کامیاب نہیں ہو پا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے، ہم نے ہزاروں قربانیاں دیں اور دے رہے ہیں، پاکستان اپنے تعاون کی قیمت مقرر نہیں کرنا چاہتا، مگر قربانیوں کا اعتراف چاہتا ہے اور ساتھ ہی یہ بھی واضح کرنا چاہتا ہے کہ افغان جنگ پاکستان کی سرزمین پر نہیں لڑنے دیں گے۔ خرم دستگیر نے کہا کہ کھربوں ڈالرز اور لاکھوں فوجیوں کے باوجود بھی امریکہ صرف 40 فیصد افغانستان پر کنٹرول کر سکا اور افغان سرحد پر باڑ لگانے میں مدد کی بجائے اب الزام تراشیاں کر رہا ہے، جبکہ پاک امریکا دوطرفہ مسائل سے افغان مسئلہ پس پردہ چلا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کو زمینی و فضائی راہداری، فوجی اڈے دینا مشرف دور کا سیاہ باب ہے، اب پاکستان ہی امریکہ کے لئے واحد راہداری باقی بچتی ہے، جبکہ پاکستان کے پاس سلالہ سانحے کے بعد زمینی راہداری بند کرنے کی مثال موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی، توانائی و معاشی بحران کے اندھیرے سے نکل چکا، جبکہ پاکستان کا دفاع انتہائی مستحکم اور مضبوط ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان اور چین پارٹنر اور اتحادی ہیں، جبکہ خطے میں ایران، چین اور روس کی اہمیت بھی اتنی ہے جتنی امریکہ کی۔ بھارت سے متعلق انہوں نے کہا کہ پاکستان، بھارت سے مسائل کا حل چاہتا ہے، تاہم بھارت کا لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور ورکنگ باؤنڈری پر رویہ تشویشناک ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت کے پاکستان کے خلاف کولڈ اسٹارٹ ڈاکٹرائن کا اعتراف اس وقت کیا گیا جب پاکستان سنجیدگی سے تنازعات کے حل کے لئے کوشاں تھا۔ یاد رہے کہ دو روز قبل وزیر خارجہ خواجہ آصف نے امریکی دھمکیوں اور امداد کی بندش کے اعلان کے بعد پاکستان اور امریکہ کے درمیان اتحاد نہ ہونے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 696058
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش