0
Wednesday 17 Jan 2018 00:44

عوامی تحریک کے احتجاج میں بھرپور طور پر شرکت کرینگے، علامہ ناصر عباس

عوامی تحریک کے احتجاج میں بھرپور طور پر شرکت کرینگے، علامہ ناصر عباس
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داران کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کے احتجاج میں بھرپور طور پر شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم کی حمایت اور ظالم کی مخالفت ہماری جماعت کے منشور کا حصہ ہے۔ ماڈل ٹاؤن میں احتجاج کا آئینی حق استعمال کرنے والوں کو جس بربریت کا نشانہ بنایا گیا، پاکستان کی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ ہم پہلے دن سے اس بھیانک اقدام کی مذمت اور ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہچانے کے مطالبے میں شریک رہے ہیں۔ حکمران جماعت نے سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنانے کے لئے ہمیشہ قومی اداروں کو استعمال کیا ہے۔ اختیارات کے اس ناجائز استعمال پر پنجاب حکومت کی جوابدہی کا وقت آپہنچا ہے۔ ملک کی بڑی سیاسی و مذہبی جماعتیں شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ کا استعفٰی چاہتی ہیں۔

سربراہ ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ کالعدم مذہبی جماعتوں سے رابطوں کے انکشافات کے بعد پنجاب کابینہ کے بیشتر وزراء کی حقیقت کھل کر سامنے آگئی ہے۔ نواز شریف بھارت کے لئے درد دل رکھتے ہیں، جبکہ شہباز شریف اور ان کی کابینہ کے وزراء ملک کی امن و سلامتی کے خلاف مصروف کالعدم جماعتوں سے فکری و جذباتی لگاؤ رکھتے ہیں، جو ملک دشمنی کی دلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم ایسے ظالم حکمرانوں کا احتساب چاہتی ہے، جو قوم کو پرتعیش سفری سہولیات کے جھانسے میں رکھ کر پورے ملک کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔ موجودہ حکومت نے سوائے لوٹ مار اور مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنانے کے اور کوئی کام نہیں کیا۔ ملک میں صحت، تعلیم اور بے روزگاری جیسے بنیادی مسائل حکومت کی عدم توجہی کے باعث سنگین صورتحال اختیار کرتے جا رہے ہیں، لیکن حکمران عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے میں لگی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں۔ نااہل حکمرانوں کے خلاف جس احتجاج کا آغاز ہونے جا رہا ہے، وہ انہیں ایوان اقتدار سے نکالے بغیر ختم نہیں ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 697627
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش