0
Wednesday 4 May 2011 13:19

پاکستانی حدود کی خلاف ورزی پر معافی نہیں مانگیں گے،امریکا، پاکستان کے خلاف کارروائی امریکی مفاد میں نہیں، لیون پینیٹا

پاکستانی حدود کی خلاف ورزی پر معافی نہیں مانگیں گے،امریکا، پاکستان کے خلاف کارروائی امریکی مفاد میں نہیں، لیون پینیٹا
واشنگٹن:اسلام ٹائمز۔ وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم اتحادی ہے، تاہم اسامہ کے تعاقب میں فضائی حدود کی خلاف ورزی پر اسلام آباد سے معافی نہیں مانگیں گے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان جے کارنی نے واشنگٹن میں میڈیا کو بتایا کہ اسامہ امریکا کا دشمن تھا اور اس نے ہزاروں معصوم اور بے گناہ سویلین کو ہلاک کیا۔ وہ امریکا کا دشمن نمبر ون تھا۔ کارنی نے کہا کہ اسامہ کی ایبٹ آباد میں موجودگی پر دنیا کو پوری پاکستانی حکومت پر انگلی نہیں اٹھانی چاہئے۔ جے کارنی کے مطابق اسامہ بن لادن کو گولی مارنے کا فیصلہ صورتحال دیکھ کرکیا۔ اور آپریشن کے وقت اسامہ غیر مسلح تھے، ان کی اہلیہ کو ٹانگ میں گولی لگی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اسامہ کی تصاویر جاری کرنے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔ تصاویر جاری کرنے سے اشتعال پھیل سکتا ہے۔
ادھر سی آئی اے کے سربراہ لیون پینیٹا نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف کارروائی امریکی مفاد میں نہیں۔ القاعدہ اب بھی خطرے کا باعث ہے۔ امریکی اراکین کانگریس کو بریفنگ دیتے ہوئے لیون پنیٹا کا کہنا تھا کہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا ہے ساری صورتحال میں یا تو پاکستانی ادارے خود ملوث ہو سکتے ہیں یا پھر نااہل ہیں۔ 
اس سے قبل ایک انٹرویو میں سی آئی اے چیف نے کہا کہ اسامہ بن لادن کے خلاف آپریشن سے پاکستان کو اس لیے آگاہ نہیں کیا کہ کہیں پاکستانی حکام اسامہ کو حملے کی پیشگی اطلاع نہ دیدیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو خدشہ تھا کہ پاکستانی حکام اسامہ بن لادن کو حملے کی پیشگی اطلاع دیدیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کو جان بوجھ کر اندھیرے میں رکھا گیا ورنہ مشن خطرے میں پڑسکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے ہدف پر بی ٹو طیاروں سے بمباری یا کروز میزائل حملے پر بھی غور کیا تھا، تاہم بڑی تباہی سے بچنے کیلئے ایسا کرنے سے گریز کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ امریکا کا سیٹلائیٹ سسٹم اسامہ بن لادن کی تصاویر لینے میں ناکام رہا، اس لیے واقعاتی شواہد کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 69763
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش