0
Monday 5 Feb 2018 21:55

کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، وزیراعلٰی گلگت بلتستان

کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، وزیراعلٰی گلگت بلتستان
اسلام ٹائمز۔ گورنر گلگت بلتستان و وزیراعلٰی نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاکستان اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کشمیری بھائیوں کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ گورنر میر غضنفر نے اپنے پیغام میں کہا کہ دشمن کی بُری نظر خاک میں مل جائے گی اور کشمیری عوام ایک دن اپنا حق لینے میں کامیاب ہونگے۔ مقبوضہ کشمیر اور کشمیر کے بہادر سپوتوں نے کشمیر کی آزادی کے لیے جانوں کا نذانہ دیا ہے۔ ایک دن دشمن کو ان کے کیے ہوئے مظالم کا بدلہ چکانا پڑے گا۔ دشمن کے مظالم سے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں ہونگے۔ پاکستان کے عوام اور دنیا بھر میں بسنے والے آزاد پسند لوگ کشمیریوں کی جراْت کو سلام پیش کرتے ہیں اور بھارتی سکیورٹی فورسز کے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔ وزیراعلٰی جی بی حفیظ الرحمٰن نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام یوم یکجہتی کشمیر منانے میں اپنے کشمیری بھائیوں کیساتھ شریک ہیں اور بنیادی انسانی حقوق بالخصوص حق خود ارادیت کیلئے جاری جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی بی کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کی آزادی کی جنگ میں لازوال قربانیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں اور اس بات کا عزم کرتے ہیں کہ کشمیر کی آزادی تک ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ہر مشکل میں گلگت بلتستان کے عوام آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ کہنا چھوڑ دے، کیونکہ کشمیر کے عوام کو بھارت فوجی طاقت سے اپنا اٹوٹ انگ نہیں بنا سکتا ہے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق کشمیر کے عوام کو خودارادیت کا حق دے تاکہ خطے میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔
خبر کا کوڈ : 702525
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش