0
Monday 12 Mar 2018 15:24

52 نومنتخب سینیٹرز نے حلف اٹھا لیا

52 نومنتخب سینیٹرز نے حلف اٹھا لیا
اسلام ٹائمز۔ ایوان بالا سینیٹ کے 52 نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا جبکہ اسحاق ڈار بیرون ملک ہونے کے باعث حلف نہ اٹھا سکے۔ سیکرٹری سینیٹ کی زیرصدارت ایوان بالا کے اجلاس کی کارروائی کا آغاز ہوا۔ سیکرٹری سینیٹ نے قواعد کے مطابق صدارت کی ذمہ داری پریذائیڈنگ افسر سردار یعقوب ناصر کو سونپی۔ سردار یعقوب ناصر نے نو منتخب 52 ارکان سے حلف لیا۔ حلف برداری کے بعد نومنتخب ممبران نے سینیٹ رول آف ممبرز اور حاضری رجسٹر پر دستخط کئے۔ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار بیرون ملک ہونے کے باعث حلف نہیں اٹھا سکے، جبکہ مسلم لیگ نون کے ڈاکٹر اسد اشرف نے نہال ہاشمی کی خالی نشست پر حلف اٹھایا ہے۔ اسحاق ڈار سمیت 52 سینیٹرز 6 سال کے لئے ملک کے ایوان بالا کے رکن بن گئے ہیں جبکہ ڈاکٹر اسد اشرف 3 سال کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب بھی آج ہوگا۔ پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی اور بلوچستان پینل کی طرف سے صادق سنجرانی چیئرمین جبکہ سلیم مانڈوی والا ڈپٹی چیئرمین کے امیدوار ہیں۔ دوسری جانب (ن) لیگ بھی آج اپنے امیدواروں کا اعلان کرے گی۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے سینیٹ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے لئے کاغذات نامزدگی حاصل کر لئے ہیں۔ سینیٹر مشاہد اللہ خان نے مسلم لیگ (ن) کے لئے اور شیری رحمان نے پی پی پی امیدواروں کے لئے کاغذات لئے۔ کاغذات نامزدگی 12 بجے تک جمع کرائے جائیں گے اور شام 4 بجے دونوں عہدوں پر خفیہ رائے شماری ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 710933
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش