0
Wednesday 14 Mar 2018 18:25

بلوچستان، اشتعال انگیز تقاریر پر نواب ایاز جوگیزئی، رضا محمد رضا اور منظور پشتین کیخلاف مقدمہ درج

بلوچستان، اشتعال انگیز تقاریر پر نواب ایاز جوگیزئی، رضا محمد رضا اور منظور پشتین کیخلاف مقدمہ درج
اسلام ٹائمز۔ رکن بلوچستان اسمبلی نواب ایاز جوگیزئی، سابق سینیٹر رضا محمد رضا، پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین سمیت پشتونخواملی عوامی پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور پشتون قومی موومنٹ کے دیگر رہنماؤں کے خلاف ژوب اور قلعہ سیف اللہ میں اشتعال انگیز اور ریاست مخالف تقریر کرنے پر مقدمات درج کرلئے گئے۔ پولیس کے مطابق پشتون تحفظ موومنٹ اور آل پارٹیز ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام ژوب کے مقامی سکول میں 9 مارچ کو جلسہ منعقد ہوا تھا، جس سے منظور پشین، پشتونخوامیپ کے مرکزی رہنماء سابق سینیٹر رضا محمد رضا، زمرک خان اور دیگر نے خطاب کیا تھا۔ اسی طرح 10 مارچ کو قلعہ سیف اللہ کے ٹیکسی اسٹینڈ کے قریب جلسے سے منظور پشتین، پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء رکن بلوچستان اسمبلی نواب ایاز جوگیزئی، پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماء محسن داوڑی، علی وزیر، اے این پی کے ضلعی صدر ہدایت اللہ ،خان زمان کاکڑ اور دیگر نے خطاب کیا تھا۔ پولیس کے مطابق دونوں جلسوں میں مقررین نے افواج پاکستان، خفیہ ایجنسیوں اور دیگر اداروں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں دہشتگردی کے فروغ کا ذمہ دار قرار دیا۔ تقاریر میں اقوام کے درمیان نفرتیں پھیلانے، پشتونوں کو ریاست کے خلاف بھڑکانے اور بدظن کرنے کی کوشش کی۔ اس لئے ان کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 153,153A،109 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ژوب میں مقدمہ ایس ایچ او پولیس تھانہ ژوب سجاد حسین کی مدعیت میں جبکہ پولیس تھانہ قلعہ سیف اللہ میں ایس ایچ او محمد یوسف کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 711471
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش