0
Sunday 25 Mar 2018 14:52

واشنگٹن اور اسلام آباد کے تعلقات کو ڈالروں میں نہیں تولا جانا چاہیے، اعزاز احمد چوہدری

واشنگٹن اور اسلام آباد کے تعلقات کو ڈالروں میں نہیں تولا جانا چاہیے، اعزاز احمد چوہدری
اسلام ٹائمز۔ امریکا میں پاکستان کے سفیر اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ واشنگٹن اور اسلام آباد کے تعلقات کو ڈالروں میں نہیں تولا جانا چاہیے۔ واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں یومِ پاکستان کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعزاز احمد چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کا انحصار امداد کے بڑھنے اور کم ہونے پر نہیں ہونا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک امریکا کے ایک دوسرے کے ساتھ کثیر الجہتی تعلقات ہیں، انہیں ڈالروں میں نہیں تولا جاسکتا، جبکہ اسلام آباد، تمام امریکی حکام کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کھلے دل و دماغ کے ساتھ تمام امریکی حکام کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے جبکہ پاکستان کا مقصد خطے میں علاقائی امن حاصل کرنا ہے۔ اعزاز احمد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان اور افغانستان میں امن جبکہ امریکا کے ساتھ مضبوط تر تعلقات چاہتے ہیں جس کے لیے حال ہی میں نامزد ہونے والے امریکا کے مشیر قومی سلامتی امور جان بولٹن کے ساتھ کام کرنے کے لئے بھی تیار ہیں۔ پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد اور واشنگٹن نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا اور خبردار کیا کہ اگر یہ ساتھ ختم ہوگیا تو یہ بہت نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، افغانستان میں امن کا خواہاں ہے جس سے اسلام آباد کو بھی فائدہ ہوگا، تاہم پائیدار امن کے لئے ضروری ہے کہ طالبان سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو امن عمل میں شامل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے ضروری ہے کہ وہ ایک ساتھ بیٹھ کر افغان امن عمل کے حل کو تلاش کریں۔ قبلِ ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نائب اسسٹنٹ برائے جنوبی اور وسطی ایشیا لیزا کرٹس کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرکے بہت کچھ حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کو اپنے تعلقات کو آگے بڑھانے پر توجہ دینی چاہیئے، جسے اس وقت کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔ اپنے حالیہ دورہ اسلام آباد کے دوران بھی لیزا کرٹس نے پاکستان کے ساتھ نئے تعلقات استوار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستانی سفارتخانے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیزا کرٹس کا کہنا تھا کہ پاک امریکا تعلقات خطے کی سالمیت کو خطرہ بننے والے دہشت گردوں کو شکست دینے کے مشترکہ عزم پر مبنی ہونا چاہیئے، جس میں دونوں ممالک کا مستقبل میں افغانستان کے امن کے لئے مشترکہ مقصد ہونا چاہیئے۔ لیزا کرٹس نے تقریب کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی دوبارہ بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی بہترین تعلقات کی ایک تاریخ ہے۔
خبر کا کوڈ : 713773
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش