0
Monday 2 Apr 2018 06:00

کشمیریوں کا خون عالمی ضمیر کو جنجھوڑ رہا ہے اور پاکستان اس آزمائش میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، خواجہ آصف

کشمیریوں کا خون عالمی ضمیر کو جنجھوڑ رہا ہے اور پاکستان اس آزمائش میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، خواجہ آصف
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعے نوجوان کشمیری نسل کو ختم کرنے کے درپے ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے اسلام آباد اور شوپیاں اضلاع میں سرچ آپریشن کے نام پر بربریت کا مظاہرہ کیا اور فائرنگ کر کے 17 کشمیری نوجوانوں کو شہید اور 100 سے زائد کو زخمی کر دیا۔ وزیر خارجہ خواجہ آصف نے اپنے بیان میں بھارتی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی جاری ہے اور وادی کو خون میں نہلا دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے 2 اضلاع میں آج 20 کے قریب کشمیریوں کوشہید کیا گیا، بھارتی قابض فوج نے 300 کشمیریوں کو زخمی اور5 گھروں کو تباہ بھی کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں درجنوں بیٹے شہید کر دیئے گئے ہیں، کشمیری لاشیں گن رہے ہیں اور جوان جنازے اٹھا رہے ہیں جب کہ بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیری نوجوان نسل کو ختم کرنے کے درپے ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کا خون عالمی ضمیر کو جنجھوڑ رہا ہے اور پاکستان اس آزمائش میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آج مقبوضہ کشمیر میں سفاک اور المناک دن ہے، معصوم کشمیریوں پر بھارتی قابض فورسز کے مظالم جاری ہیں، بھارت نے انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیردیں اور کشمیر لہولہو ہے، قابض افواج کی جانب سے معصوم کشمیریوں کا قتل عام جاری ہے جس کے نتیجے میں انسانی حقوق کا عالمی چارٹر مذاق بن گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 715144
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش