0
Sunday 29 Apr 2018 23:27
ہم آرمی چیف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کوئٹہ کے مظلومین کی داد رسی کو پہنچیں اور انکے زخموں پر مرہم رکھیں

مجلس وحدت مسلمین کا کوئٹہ میں شیعہ نسل کشی کیخلاف 4 مئی کو ملک گیر احتجاج کا اعلان

ایک طرف ہمیں دہشتگردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ دوسری جانب اہل تشیع کے افراد کو لاپتہ کیا جا رہا ہے
مجلس وحدت مسلمین کا کوئٹہ میں شیعہ نسل کشی کیخلاف 4 مئی کو ملک گیر احتجاج کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کوئٹہ میں جاری شیعہ نسل کشی کے خلاف 4 مئی کو ملک گیر یوم احتجاج کا اعلان کر دیا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں گذشتہ دو ماہ سے ملت جعفریہ کی نسل کشی کی جا رہی ہے اور غافل حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے، انہوں نے کہا کہ عالمی دہشتگرد گروہ داعش دہشتگردانہ حملوں کی ذمہ داری قبول کر رہا ہے، جبکہ ریاستی ادارے داعش سے نمٹنے میں ناکام نظر آتے ہیں، پاکستان میں داعش کے وجود سے انکار کرنے والے عوام اور ریاست سے مخلص نہیں۔ سربراہ ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان میں شیعہ ہزارہ برادری کیخلاف پے در پے حملے عالمی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔ چار مئی کو کوئٹہ کے مظلومین سے اظہار یکجہتی کے لئے یوم احتجاج منایا جائے گا اور 13 مئی کو مظلومین جہاں کی حمایت میں یوم مردہ باد امریکہ منایا جائیگا۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ بلوچستان کیساتھ ساتھ خیبر پختونخوا کی حکومت اور پولیس فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوشش کر رہی ہے جو افسوسناک ہے، ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردی کی سب سے زیادہ متاثرہ فریق ملت جعفریہ ہے، لیکن حکومت اور صوبائی پولیس کی جانب سے ملت تشیع کو غیر قانونی اور غیر انسانی اقدامات کا سامنا ہے، جس کی ہم مذمت کرتے ہیں، ہم خیبر پختونخوا حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ ایسے شرپسندانہ اقدامات سے باز رہے، بصورت دیگر عوامی ردعمل کیلئے تیار رہے۔ علامہ ناصر عباس نے لاپتہ شیعہ افراد کا معاملہ بھی اٹھایا اور کہا کہ ایک طرف ہمیں دہشتگردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ دوسری جانب اہل تشیع کے افراد کو لاپتہ کیا جا رہا ہے، جو غیر قانونی اور غیر آئینی اقدام ہے۔ ہم آرمی چیف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کوئٹہ کے مظلومین کی داد رسی کو پہنچیں اور ان کے زخموں پر مرہم رکھیں۔ سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے چیف جسٹس آف پاکستان سے ازخود نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 721360
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش