0
Saturday 9 Jun 2018 13:54

بلوچستان میں شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائینگے، میر علاؤالدین مری

بلوچستان میں شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائینگے، میر علاؤالدین مری
اسلام ٹائمز۔ نگران وزیراعلٰی بلوچستان میر علاؤالدین مری نے کہا ہے کہ میری کابینہ مختصر اور غیر سیاسی ہوگی۔ میرے کوئی سیاسی عزائم نہیں اور نہ ہی میرا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق ہے۔ میری سب سے بڑی ذمہ داری پرامن، صاف اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ امن قائم رکھنا ہے۔ اس کے لئے الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کروں گا۔ صوبہ میں بدامنی کے پیچھے بیرونی قوتیں کار فرما ہیں۔ امن کی بحالی کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی ایجنسیز کے ساتھ ملکر کام کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلف برادری کے بعد وزیراعلٰی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ نگران وزیراعلٰی میر علاؤالدین مری نے کہا کہ میں اللہ تعالٰی کا شکر گزار ہوں کہ مجھے اس منصب کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ جو ذمہ داری مجھے سونپی گئی ہے، دعا ہے اس کو اللہ کی مدد اور نصرت سے پورا کر سکوں۔ میرا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں اور نہ ہی کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق ہے۔ دوستیاں، قربت اور رشتہ داریاں ضرور ہیں۔ میں الیکشن کمیشن کے ساتھ ملکر صاف اور شفاف انتخابات کے عمل کو یقینی بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرونگا، تاکہ امن کی بحالی کو یقینی بناکر لوگوں کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لئے صاف ماحول مہیا ہو سکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبہ میں امن و امان کے حوالے سے کچھ کمزوریاں ضرور ہیں، انہیں دور کرنے کے لئے محنت کریں گے۔ بیرونی ممالک اور طاقتیں صوبہ میں بدامنی پھیلا کر اسے غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں، لیکن ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلی جنس ایجسیز اور فورسز کے ساتھ ملکر ان کے عزائم خاک میں ملائیں گے۔ حلقہ بندیوں کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جماعتوں کے تحفظات ہیں۔ اس لئے الیکشن کمیشن اس کا فوری طور پر فیصلہ کریں۔ موجودہ حلقہ بندیوں میں امیدواروں کو اپنے حلقوں کا علم نہیں تو اس صورت میں ووٹرز کا کیا حال ہوگا۔ عدالت میں زیر التواء کیسز بھی جلدی نمٹائے جائیں۔ بلوچستان اسمبلی میں الیکشن کی تاریخ آگے بڑھانے کے حوالے سے قرارداد منظور کی گئی تھی۔ صوبہ بلوچستان میں گرمی کی شدت زیادہ ہے، اس لئے پندرہ بیس دن الیکشن آگے لے جانے میں کوئی قباہت نہیں۔
خبر کا کوڈ : 730517
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش