0
Friday 20 May 2011 11:46

ڈرون حملوں کی جوابدہی صدر اور وزیراعظم سے ہونی چاہئے، امریکی مفادات کیلے پاکستان کو غیر محفوظ کر دیا گیا، نواز شریف

ڈرون حملوں کی جوابدہی صدر اور وزیراعظم سے ہونی چاہئے، امریکی مفادات کیلے پاکستان کو غیر محفوظ کر دیا گیا، نواز شریف

لاہور،سیالکوٹ:اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ ڈرون حملوں کی جوابدہی صدر اور وزیراعظم سے ہونی چاہیے، یہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ ڈرون حملوں کیخلاف پارلیمنٹ میں منظور ہونیوالی قرارداد جان کیری کو دکھانے کے باوجود ڈرون حملہ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایبٹ آبادمیں امریکی آپریشن پر آزاد کمیشن نہ بنایا تو یہ پوری پارلیمنٹ کی توہین ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام ساتھ دے، اسٹیبلشمنٹ کے گندے کرتوتوں کو صاف کرنے نکل پڑے ہیں، کسی ادارے کیخلاف نہیں، موجودہ حکمرانوں نے پاکستان کی عزت کو پامال کرکے رکھ دیا ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب اور اپنے ایک انٹرویو میں کہی۔
مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں یہ کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ پاکستان میں بیروزگاری، غربت، لوڈشیدنگ، دہشتگردی اور انتہا پسندی کا دور دورہ ہو گا اور پاکستانی شہریوں کو سکون کا سانس لینا نصیب نہ ہوگا، آج ہمارے حکمران ایک، ایک لاکھ ڈالر یا ایک، ایک ملین ڈالر کیلئے دنیا سے بھیک مانگتے پھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی اگر ہم اپنی خودداری کو برقرار رکھنے کا تہیہ کرلیں تو اپنی کھوئی ہوئی عزت اور وقار دوبارہ حاصل کرسکتے ہیں۔ اپنے ایک انٹرویو میں نواز شریف نے کہا کہ حکومت نے ایبٹ آباد میں امریکی آپریشن پر آزاد کمیشن نہ بنائی تو یہ پوری پارلیمنٹ کی توہین ہو گی، کسی ادارے کیخلاف نہیں، تمام اداروں کو آئین کے تابع رہنا ہو گا، آئین سے بار بار انحراف کے باعث آدھا ملک گنوا چکے، وقت آ گیا ہے، بچے کچھے ملک کو تماشا نہ بنائیں، پیپلزپارٹی کا ایجنڈا بہت مختلف ہو گیا، ہمارا پروگرام کسی ایک صوبے کیلئے نہیں، پوری قوم کیلئے ہے۔
مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے امریکی مفادات کے لیئے پاکستان کو غیر محفوظ کر دیا۔بھیک مانگنے کے لیئے ملک نہیں بنایا گیا تھا۔ وہ سیالکوٹ میں جلسے سے خطاب کر رہے تھے ان کا کہنا تھا کہ ملک کے موجودہ حالات دیکھ کر دکھ ہوتا ہے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ملک کے عوام کے حالات اتنے خراب ہو جائیں گے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ وزیراعطم ہاؤس میں روزانہ دس لاکھ روپے خرچ ہوتے ہیں اور دنیا بھر سے بھیک مانگی جا رہی ہے۔ قائداعظم نے کشکول پکڑنے کے لئے پاکستان نہیں بنایا تھا۔ عوام کے اتحاد سے مشکلوں کو شکست دیں گے اور اپنے زور بازو سے ملک کو سونا بنائیں گے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ ان کے دور حکومت میں لوڈشیڈنگ نہیں تھی خودکش حملے نہیں ہوتے تھے۔ عالمی دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکے کئے جبکہ امریکی صدر نے پانچ ارب ڈالر دینے کی پیشکش کی تھی۔ 

خبر کا کوڈ : 73150
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش