0
Wednesday 20 Jun 2018 20:40

خیبر کے عوام فاٹا انضمام کیخلاف نکل آئے، جمرود میں مظاہرہ

خیبر کے عوام فاٹا انضمام کیخلاف نکل آئے، جمرود میں مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ قبائلی ضلع خیبر کی مختلف تحصیلوں کے عمائدین و عوام نے فاٹا انضمام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ آج جمرود میں لنڈی کوتل، ملاگوری اور جمرود کے عمائدین کا ایک جرگہ ہوا جس میں فاٹا انضمام کو مسترد کر دیا گیا۔ بعدازاں جمرود تحصیل تا باب خیبر ایک ریلی نکالی گئی جس میں عمائدین کے علاوہ مقامی افراد بھی کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر مظاہرین نے حکومت سے فاٹا انضمام کا فیصلہ واپس لینے اور قبائلی علاقوں کو الگ صوبے کا درجہ دینے کا مطالبہ کر دیا۔ ریلی کے شرکاء سے اپنے خطاب میں فاٹا گرینڈ الائنس کے ملک صلاح الدین، ملک غفار، ملک شاہ محمود و دیگر اکابرین نے دھمکی دی کہ مطالبات منظور نہ ہوئے تو حکومت سے ہر قسم کا تعاون بند کرنے کے علاوہ انسداد پولیو مہم اور سرکاری تقریبات کا بائیکاٹ کیا جائے گا اور حکومت کی جانب سے ملنے والی مراعات سے انکار کیا جائے گا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ آئندہ عاام انتخابات میں اسی امیدوار یا جماعت کو ووٹ دیں گے جو ان کے مطالبات کی حمایت کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نسلوں سے قبائلی عوام کی اپنی رسوم و روایاات ہیں لہٰذا انہیں الگ صوبہ دینے کے ساتھ ان کی یہ روایات برقرار رکھنی چاہئیں۔ واضح رہے کہ فاٹا اصلاحاتی بل کی قومی اسمبلی اور سینیٹ کے بعد خیبرپختونخوا اسمبی سے بھی منظوری کے بعد قبائلی علاقے خیبرپختونخوا کا باقاعدہ حصہ بن گئے ہیں۔ یہ بھی خیال رہے کہ جمیعت علماء اسلام ف اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی فاٹا انضمام کی مخالف ہیں جو انضمام کے بعد باقاعدہ احتجاج کا اعلان کر چکی ہیں۔ پشاور میں جے یو آئی ف کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران اس وقت احتجاج کیا گیا جب خیبرپختونخوا اسمبلی میں بل کی منظوری کے حوالے سے اجلاس جااری تھا۔ جے یو آئی ف کی جانب سے احتجاج نے بعدازاں ایک پر تشدد مظاہرے کی صورت اختیار کر لی جبکہ پولیس کی جانب سے بھی کریک ڈاؤن کیا گیا جس کے نتیجے میں میڈیا نمائندوں کے علاوہ مظاہرین بھی زخمی ہوئے۔ یہ بھی واضح رہے کہ خیبرایجنسی کے آفریدی، شینواری، ملاگوری اور شلمان قبائل بھی فاٹا انضمام کو مسترد کر چکے ہیں جبکہ جنوبی وزیرستان کے عمائدین نے عام انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ مہند ایجنسی سمیت دیگر قبائلی اضلاع میں بھی انضمام کے حوالے سے ایک غیریقینی صورتحال پائی جاتی ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 732565
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش