0
Sunday 1 Jul 2018 15:00

بلوچستان ہائیکورٹ نے 41 امیدواروں کی اہلیت سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا

بلوچستان ہائیکورٹ نے 41 امیدواروں کی اہلیت سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان ہائیکورٹ کے جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس نذیر احمد لانگو پر مشتمل ڈویژنل بینچ نے نواب میر عالی بگٹی، سابق سینیٹر محبت خان مری، متحدہ مجلس عمل کے مولانا محمد حنیف، نیشنل پارٹی کی یاسمین لہڑی، سابق صوبائی وزراء بہرام خان اچکزئی، بابو امین عمرانی جبکہ تاج رئیسانی، شیر محمد شاہوانی، گل شاہ، لیاقت لہڑی و دیگر سمیت 41 امیدواروں کی اہلیت سے متعلق دائر درخواستوں پر فیصلے محفوظ کرلئے ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند، بلوچستان نیشنل پارٹی کے ثناء بلوچ، بلوچستان عوامی پارٹی کے دنیش کمار اور عبدالرحیم کی اہلیت سے متعلق دائر درخواستوں کی سماعت 2 جولائی تک کیلئے ملتوی کر دی گئی ہے۔ گذشتہ روز نواب میر عالی بگٹی کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کے دوران نواب میرعالی بگٹی اپنے وکیل بہلول کاسی ایڈووکیٹ اور نصرت بلوچ کے ہمراہ پیش ہوئے، بلکہ سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے نمائندے بھی موجود تھے۔

سماعت کے دوران سابق صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی اپنے وکیل عدنان اعجاز ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے اور فریق بننے کی استدعا کی، جس پر بینچ نے انہیں بتایا کہ وہ موقف بیان کرے، جسے کیس کا حصہ بنایا جائے گا۔ سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کی جانب سے جمیل رمضان ایڈووکیٹ اور ہارون کاسی ایڈووکیٹ بھی پیش ہوئے۔ فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد آئینی درخواست کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ہے۔ ڈویژنل بینچ نے مولانا محمد حنیف کی اہلیت کیخلاف دائر درخواست کی بھی سماعت کی۔ سماعت کے دوران جمعیت علماء اسلام کے امیدوار و مولانا محمد حنیف اپنے وکیل عبدالظاہر ایڈووکیٹ کے ہمراہ پیش ہوئے، بلکہ فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد مذکورہ درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔ ہفتہ کے روز بلوچستان ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے مجموعی طور پر 45 آئینی درخواستوں کی سماعت کی، جن میں سے 41 آئینی درخواستوں پر فیصلے محفوظ کرلئے گئے۔
خبر کا کوڈ : 734910
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش